ٹنڈوآدم شہریوں کیلئے فلٹر پانی فراہمی اسکیم کا افتتاح

260

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر کا ٹنڈوآدم کے دس وارڈوںمیں دس کروڑ روپے کی لاگت سے فلٹر پانی فراہم کرنے کی اسکیم کا افتتاح ، شہر کے پرائمری اسکولوںمیں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے مختلف اسکیموں کا دورہ ،صوبائی وزیر کا ترقیاتی کام وقت پر مکمل نہ کرنے پر اظہار برہمی۔ ٹنڈو آدم کے وارڈ نمبر ایک سے دس وارڈ تک لاکھوں شہریوں کو واٹر سپلائی کے ذریعے دس کرروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیے جانے والے منصوبے کا افتتاح صوبائی وزیر بحالی فراز ڈیرو نے جوہر آباد میں قائم واٹر سپلائی کی ٹنکی پر ربن کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اعجاز احمد جتوئی، سی ایم او بلدیہ ابراہیم عمرانی، آچر ساند، غلام غوث ڈوگر، امتیاز آرائیں، و دیگر موجود تھے۔ علاوہ ازیں محکمہ پبلک ہیلتھ کے ایگزیکٹیو انجینئر پیر علی رضا نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر فراز ڈیرو نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری آباد کا زیادہ تر پانی زہریلا ہوچکا ہے، شہریوں کو صاف پانی کے حصول کے لیے واٹر سپلائی اسکیم کے ذریعے فلٹر پانی کا یہ منصوبہ برسوں میں پایہ تکمیل تک پہنچا ہے، ٹنڈو آدم شہر میں ہونے والے ترقیاتی کام جلد مکمل کرائے جائیں۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر وزیر فراز ڈیرو نے گورنمنٹ سندھی مین پرائمری اسکول اور گورنمنٹ بی بی عائشہ گرلز اسکول کی تعمیرات میں جاری کروڑوں روپے سے ترقیاتی کاموں کے جائزے کے لیے اسکول پہنچے، جہاں سندھی مین اسکول کے ہیڈ ماسٹر لکھا ڈنو خاصخیلی نے اسکول کے ترقیاتی کاموں کی مد میں شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیدار کی جانب سے کام دو سال کے اندر مکمل کرنا تھا، تین سال کا عرصہ گزر چکا ہے، اسکول کے مین گیٹ، فرش پر ٹائلز اور دیواریں تعمیر نہیں ہوسکی ہیں، جس کی متعدد بار شکایات ایس ڈی او ایجوکیشن ورکس کو کی جاچکی ہیں مگر عملی اقدامات نہیں کیے گئے، جس پر صوبائی وزیر نے ایس ڈی او ایجوکیشن ورکس پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اسکول کے تعمیراتی کام جلد مکمل کروانے کی ہدایت کی۔