مضر صحت بھارتی اشیا کی فروخت سوالیہ نشان ہے، آفتاب قریشی

254

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب حسین قریشی نے میرپور خاص میں محکمہ کسٹم حیدرآباد کی جانب سے انڈسٹریل ایریا میرپورخاص میں انڈیا سے مضر صحت اسمگل شدہ منشیات کی فیکٹری پر چھاپا مارنے پر رینجرز اور کسٹم کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس پر سخت کارروائی اور تحقیقات ہونی چاہیے کہ اتنی آسانی سے بھارتی مال شہر میں کیسے داخل ہورہا ہے جبکہ ضلع و ڈویژن میرپورخاص میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں و دیگر ادارے جن میں اسپیشل برانچ، سی آئی اے، ڈی سی آئی اے اپنی ذمے داریوں سے غافل ہیں۔ اس سے پہلے بھی ڈسٹرکٹ عمرکوٹ اور میرپورخاص میں کسٹم حکام نے کروڑوں روپے کی منشیات پکڑی تھی مگر ہمارے ڈویژن کے اداروں کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے۔ شہر میں مضر صحت انڈین سوپاری، گٹکا چلانے والے انسانی زندگی کے دشمن ہے، نوجوان نسل تباہی کی طرف جا رہی ہے، چھوٹے چھوٹے بچے انڈین سپاری گٹکا استعمال کر رہے ہیں جن سے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ شہر کے 40 فیصد نوجوان نشے کے عادی ہوچکے ہیں، میرپورخاص شہر میں مقامی بدمعاش اور سیاسی عناصر ان منشیات فروشوں کی سرپرستی کررہے اور اس میں ملوث ہیں، اسے بے نقاب کر کے عوام کے سامنے لایا جائے۔