پران ندی پر تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے، پیر نور اللہ شاہ

198

جھڈو (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پیر نور اللہ شاہ کا تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ تعلقہ جھڈو کا دورہ، میرپورخاص اور بدین اضلاع میں سیلاب کا سبب بننے والی پانی کی قدرتی گزر گاہوں کا معائنہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پیر نوراللہ شاہ نے سید شاہجہان شاہ، ذوالفقار علی شاہ رضوی اور دیگر کے ہمراہ جھڈو میں پانی کی قدرتی گزرگاہ پران اور ایل بی او ڈی سیم نالے کا مکمل معائنہ کیا اور پانی کی گزرگاہوں پر تجاوزات، کمزور پشتوں اور ندیوں کے اندر موجود رکاوٹوں کی تفصیلات حاصل کیں، جن کی وجہ سے ضلع میرپورخاص اور بدین کے علاقوں بالخصوص تعلقہ جھڈو کو بار بار سیلابی صورتحال سے بڑی تباہی کا شکار بننا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پران ندی پر تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے جب تک پران ندی کو اس کے آغاز سے اختتام تک اس کی اصل حدود اور حالت میں بحال نہیں کیا جاتا اس وقت تک لاکھوں لوگ پریشانی اور شدید مشکلات سے دوچار ہوتے رہیں گے، جس کے لیے حکومتی سرپرستی میں ایک بڑے آپریشن اور اس کے بعد میگا پروجیکٹ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ تعلقہ جھڈو میں جلد از جلد بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کروائے جائیں۔