عالمی برادری پلوامہ ڈرامہ کا نوٹس لے، رانا طہٰ خاں

262

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113 کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں طلحہ محمود نے کہا ہے کہ بھارتی اینکر کی واٹس ایپ لیک سے انڈیا کا شرمناک چہرہ ایک دفعہ پھر پوری دنیا کے سامنے آگیا۔ عالمی برادری پلوامہ ڈرامہ کا نوٹس لے۔ پاکستانی حکمران نئی دلی کیخلاف مدافعانہ حکمت عملی تبدیل کرکے مودی کو اسی کی زبان میں جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی پلوامہ دھماکے میں اپنے فوجیوں کی ہلاکت کا پاکستان پر الزام لگانے کا بھانڈا بیچ چوراہے پر پھوٹ گیا۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ بھارت کے پاکستان کے خلاف گھنائونے الزامات لگانے والی مودی سرکار کے خلاف اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور دنیا بھر کے سفارت کاروں کو آگاہ کرے اور وزارت خارجہ اس حوالے سے پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں کو اس کی تفصیلات سے آگاہ کرے، یہ پاکستان کے لیے بہت اچھا موقع ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی پاکستان کے خلاف ہر معاملے میں ہرزہ سرائی چور مچائے شور کے مترادف ہے۔ بھارت جہاں مقبوضہ کشمیر میں مظلوم و محصور کشمیریوں کو اپنے ظلم کا نشانہ بنا رہاہے، وہیں خود بھارت کے اندر مسلمان، سکھ، نچلی ذات کے ہندئوں کے خلاف مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ عالمی برادری کو اس کا بھی نوٹس لینا چاہیے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹس دی رہی ہے۔