امریکا نے بی 52 بمبار مشرق وسطیٰ بھیج دیے

255

 

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے مزید بی 52 بم بار طیارے مشرق وسطیٰ بھیج دیے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکا کے مزید 2 بی 52 طیارے اتوار کے روز مشرق وسطیٰ کے اڈوں پر پہنچے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی بی 52 طیارے اسرائیل کی فضائی حدودسے گزر کر خلیجی ممالک میں داخل ہوئے ہیں۔ امریکی عہدے داروں نے پہلے بھی اشارہ کیا تھا کہ یہ پروازیں ایران کے خلاف واضح پیغام ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر فرینک میکنزی نے اعلان کیا ہے کہ بمبار طیاروں نے کامیابی کے ساتھ اپنا فضائی سفر مکمل کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بمبار ٹاسک فورس سے وابستہ مشن علاقائی سلامتی کے لیے امریکا کے مستقل عزم کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک مختصر مدت کے لیے اسٹرٹیجک طیاروں کی تعیناتی خطے میں ہماری دفاعی پوزیشن کا ایک اہم حصہ ہے۔ امریکا کے جدید بمبار طیارے ایک ایسے وقت میں مشرقِ وسطیٰ کے لیے روانہ ہوئے ہیں جب ایران نے بحر ہند میں اپنے جدیدترین میزائل کا تجربہ کرتے ہوئے امریکی بحری بیڑے کے قریب میزائل داغے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ ایران نے مشقوں کے دوران طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید ترین بیلسٹک میزائل کے تجربات کیے اور یہ میزائل سمندر میں داغے گئے۔ فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ میزائل بحر ہند میں موجود ایک امریکی بحری بیڑے سے 100 میل دور جا گرے۔ یہ امریکی بیڑا یو ایس ایس نمٹز تھا۔