اسمگل شدہ اشیاء سے مارکیٹوں پر منفی اثرا پڑتے ہیں،سلیم قریشی

358

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی نے اسمگل شدہ اور غیر قانونی اشیاء پر گرفت پر ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس کے حکام کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کسٹم کا محکمہ اِن قوم دوست اقدام پر قابل قدر ہے۔ یوں تو اسمگلنگ اور غیر قانونی آئیٹم پر گرفت کرنا دیگر ایجنسیوں پر بھی عائد ہوتی ہے اور رینجرز اور پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ اِس سلسلے میں پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا بھی اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کررہا ہے۔ لیکن غیر قانونی اسمگلنگ کا کام کرنے والے اتنے ایڈوانس ہوگئے ہیں کہ کچھ اسمگلر رینجرز اور دیگر ایجنسیوں کی گرفت سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں جن پر ملک بھر میں کسٹم انٹیلی جنس حکام بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اسمگل شدہ اشیاء سے مارکیٹ میں صحیح طور پر زیر فروخت اشیاء کا متاثر ہونا اور تجارت و صنعت پر اِن کا منفی اثرات ہونا لازمی اَمر ہے۔ لہٰذا ہمارا کسٹم انٹیلی جنس کا محکمہ اِس سلسلے میں فعال کردار ادا کر کے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب کر رہا ہے جو قابل تحسین عمل ہے۔ وہ پلاٹ نمبر 2-1، میانو، نیشنل ہائی وے، ہٹری بائی پاس میں اشیاء کی تلفی پر ہونے والی تقریب زیر صدارت ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس حیدرآباد ڈاکٹر صدیق اللہ خان منعقد ہوئی سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ غیر قانونی اشیاء کی تلفی کی تقریب میں دوسروں کے علاوہ ڈپٹی کمشنر حیدآباد فواد غفار سومرو، ونگ کمانڈر 73 ونگ سندھ رینجرز لیفٹیننٹ سلمان رشید، اے ایس پی کینٹ ڈاکٹر ایاز حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ایس آئی، سابق صدر چیمبر دولت رام لوہانہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جمشید علی ٹالپور، ڈپٹی ڈائریکٹر سید محمد رضا نقوی، اور کسٹم کا دیگر عملہ موجود تھا۔ بعدازاں ڈائریکٹر کسٹم نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد، ونگ کمانڈر 73 ونگ سندھ رینجرز اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر کو شیلڈ دیں جبکہ کسٹم حکام کو میرٹ سرٹیفیکٹ ایوارڈ کیے۔