وزیراعظم کا براڈشیٹ کیس عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ۔ بھارتی عزائم بے نقاب کرنے کا عزم

296

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+خبر ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے براڈ شیٹ کیس عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ اور بھارتی عزائم بے نقاب کرنے کا عزم کیا ہے ۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا،جس میں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے براڈ شیٹ کیس پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے براڈشیٹ کے معاملے کو تفصیلی طور پر عوام کے سامنے رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کیس کے فیصلے میں موجود حقائق منظرعام پر لائے جائیں۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ براڈشیٹ کمپنی تو 20 سال پہلے کے اثاثوں کی تحقیقات کررہی تھی، گزشتہ 10 سال دور کا حساب تو ابھی ہونا ہے، ملکی دولت لوٹ کر باہر لے جانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔ وزیر اعظم نے براڈ شیٹ معاملے پر 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے ۔کمیٹی میںسینیٹر شبلی فراز، فواد چودھری اور شیریں مزاری شامل ہیں۔ اجلاس میں پی ڈی ایم جلسے پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کی اجازت دی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارن فنڈنگ معاملہ اٹھایا جانا خوش آئند ہے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو عوام کی فنڈنگ سے وجود میں آئی، فخر ہے کہ ہماری جماعت کو مافیا نے اسپانسر نہیں کیا، مافیا نے پیسہ لگایا ہوتا تو ہم ان کے سامنے جھک جاتے۔بعدازاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ کمیٹی کابینہ کو 48 گھنٹے میں براڈشیٹ معاملے پر سفارشات پیش کرے گی۔سینیٹر شبلی فراز نے ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ براڈ شیٹ معاملے پر وزیراعظم نے 3رکنی کابینہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ شیریں مزاری اور فواد چودھری کمیٹی میں شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں فائدہ دینے اور اٹھانے والے تمام لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ بھارتی صحافی کے انکشاف نے مودی سرکار اوربھارتی میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑ کو عیاں کیا ، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے،عالمی برادری فاشسٹ مودی سرکار کو عسکریت پسندانہ رویے سے باز رکھے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی صحافی کے واٹس ایپ چیٹ سے لیک ہونے والے حالیہ انکشافات نے مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا ہے، مودی نے انتخابات جیتنے کے لیے خطرناک فوجی ایڈونچر کیا جو پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار کر سکتا تھا۔ بالاکوٹ واقعے پر پاکستان نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے کو بڑے بحران سے بچایا لیکن مودی حکومت نے بھارت کو شدت پسند ریاست بنانے کا کام جاری رکھا۔پاکستان بھارتی مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا، عالمی برادری بھارت کے ناپاک ارادوں سے روکنے کے لیے اقدامات کرے ، پاکستانی ذمے داری کے باوجود مودی سرکار بھارت کو خطرناک ریاست بنانے پر تلی ہوئی ہے۔