الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس میں جانبداری نہیں کرنے دینگے، فضل الرحمن

217

اسلام آباد(صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام( ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس میں جانبداری کی اجازت نہیں دیں گے۔سلیکٹڈ وزیراعظم کیخلاف فارن فنڈنگ کیس 6برس سے زیر التوا ہے یہ کہاں کا انصاف ہے؟، ہم الیکشن کمیشن پر دھاوا نہیں بولیں گے بلکہ احتجاج کریں گے،اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد مریم نواز شریف اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ فارن فنڈنگ پاکستان کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، منگل کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا جس میں مطالبہ کریں گے کہ جس جرم کا اعتراف ہوچکا ہے، اس کا فورا فیصلہ سنائے، الیکشن کمیشن کو کیس لٹکانے اور جانب داری کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ان کے سامنے مکمل شواہد آچکے ہیں اور مزید تاخیری حربوں کی گنجائش نہیں‘ عمران خان فارن فنڈنگ اسکینڈل کا مرکزی ملزم ہے،اس نے مدر آف این آر او لے کر سیاسی عدم استحکام پیدا کیا اور پارٹی فنڈ کے نام پر کروڑوں روپے اکٹھے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت الیکشن لڑنا چاہیے۔