بادیان کے پھول اور ان کے فوائد کیا ہیں؟

1104

ہمارے ہاں شاید ہی کوئی ایسا گھر ہو جہاں بادیان کے پھول کا استعمال کھانوں میں نہ ہوتا ہو کیونکہ یہ قدرت کا ایک ایسا عظیم تحفہ ہے جو نہ صرف کھانوں میں بلکہ مختلف بیماریوں کے علاج میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

بادیان کا شمار مصالحوں میں ہوتا ہے لیکن اس کے بہت سے فوائد ہیں  کیونکہ بادیان کے پھول میں لاتعداد معدنیات اور وٹامنز موجود ہوتے ہیں جبکہ اس میں وٹامن اے ، سی اور بی ہے اور اس کے علاوہ اس میں کیلشیم اور فاسفورس بھی موجود ہوتا ہے اور اس کا سب سے اہم مرکب شکمک ایسڈ (گندھک کا تیزاب) ہے۔

بادیان کے پھول کے فوائد

اینٹی اوکسیڈنٹ خصوصیات ۔:۔

ہمارے جسم کو بہت سے اینٹی اوکسیڈنٹ کی ضرورت ہوتی ہے اور بادیان اینٹی اوکسیڈنٹ حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے جبکہ اینٹی اوکسیڈنٹ جسم میں خلیات کی ٹوٹ پھوٹ سے حفاظت کرتے ہیں اور خلیات کی ٹوٹ پھوٹ فری ریڈیکل اور فضا میں موجود ٹوکسن کی وجہ سے ہوتی ہے اور  یہ ریڈیکل افزائش پا کر کینسر یا دل کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

اینٹی فنگل ۔:۔

بادیان کے پھول میں فنگل انفکشن کو ختم کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے، خاص طور پر منہ ، گلے ، آنتوں کے فنگس کے لیےبے حد مفید ہے۔

اینٹی بیکٹیریل خصوصیات ۔:۔

بہت سی جڑی بوٹیوں کی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات کو جب مائکرو اسکوپ میں جانچا گیا تو بادیان کے پھول میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات پائی گئیں جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ مستقبل میں بادیان کے مرکب کو اینٹی بائیوٹک میں استعمال کیا جائے۔

انفلوئنزا کے لیے ۔:۔

بادیان میں شکمک ایسڈ موجود ہے جو فلو کے علاج کے لیے بننے والی دواؤں میں استعمال ہوتا ہے اور قدرتی طور پر شکمک ایسڈ بہت کم چیزوں میں ہوتا ہے جبکہ بادیان میں یہ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔

جوڑوں کے درد کے لیے ۔:۔

بادیان کے پھول کا تیل جوڑوں اور کمر کے لیے بے حد مفید ہے۔ استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسے کسی دوسرے تیل کے ساتھ شامل کرکے متاثرہ جگہ کی مالش کی جائے۔

ہاضمہ بہتر کرتا ہے ۔:۔

بادیان کے پھول کی چائے بھی تیار کی جاتی ہے۔ عام طور پر اس کا استعمال ہاضمے کی شکایت مثلاً گیس، پیٹ کی مروڑ، بدہضمی، پیٹ پھولنا یا قبض کے علاج میں کیا جاتا ہے۔ کسی بھی تکلیف کو دور کرنے کے لیے کھانے کے بعد بادیان کی چائے پینا مفید ہے۔

خواتین کے لیے مفید ۔:۔

حاملہ خواتین کی صحت کے لیے خصوصاً اس کا استعمال کروایا جاتا ہے۔بادیان حاملہ خواتین کی قوت مدافعت بڑھانے کے ساتھ انہیں دوران حمل بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ بادیان کا پھول خواتین میں ہارمونز کے فنکشن کو بھی بہتر بناتا ہے۔

روایتی لوگ آج بھی حاملہ خواتین کو بادیان استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

بے خوابی کا علاج ۔:۔

بادیان کے پھول میں سکون پہنچانے والی خصوصیات بھی موجود ہیں۔ جو نروز کو پر سکون کرتی ہیں۔ جس سے اچھی نیند آتی ہے۔ جن لوگوں کو بے خوابی کی شکایت ہے وہ رات کو سونے سے پہلے بادیان کی چائے پی لیں۔

کھانسی ۔:۔

بادیان کا پھول کھانسی اور گلے کی خراش کے لیے بھی مفید ہے۔ بادیان کی چائے بنا کر دن میں 3 مرتبہ پئیں۔

بادیان کے پھول کا استعمال ۔:۔

اگر آپ بادیان کے پھول ے فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں تو کچھ طریقوں سے آپ اسے اپنی غذا میں شامل کرسکتے ہیں۔

مصالحے کے طور پر ۔:۔

بادیان کا پھول مصالحے کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ یہ گوشت کا ذائقہ اور بہتر بناتا ہے۔ بیکری کی چیزوں میں بھی اسکا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بریانی، سوپ، اسٹیو اور دوسری ڈشز میں بھی اس کا استعمال ہوتا ہے لیکن اسے بہت زیادہ مقدار میں استعمال نہ کیا جائے کیونکہ یہ ڈش کا ذائقہ تبدیل کر سکتا ہے۔

بادیان کے پھول کی چائے ۔:۔

بادیان کے پھول کی چائے نظام ہضم کو صحیح رکھنے ، کھانسی اور گلے کی خراش کے لیے مفید ہے جبکہ یہ چائے بادیان کے بیجوں سے تیار کی جاتی ہے۔

طریقہ کار: ایک کپ پانی اُبال کر اس میں دو بادیان کے پھول ڈال دیں ؛

اس کو 15 منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں؛ جب صحیح سے اُبال آجائے تو کپ میں چھان لیں اور  اس میں شہد شامل کر کے پی لیں۔

خیال رہے ہاضمے کے مسائل یا کھانسی کے علاج کے لیے ہر کھانے کے بعد  بادیان کے پھول کی چائے ضرور پی لیں۔

احتیاط :۔

بادیان کے پھول، حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے فائدہ مند ہونے کے ساتھ نئی حاملہ ہونے والی خواتین کے لیے غیر محفوظ بھی ہے  اور اس کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کیا جائے جبکہ اس کے علاوہ اووری ، بریسٹ اور یوٹیرین کینسر میں مبتلا لوگوں کو بادیان کی چائے نہیں پینی چاہیے۔