ٹیکنالوجی: بلیوٹوتھ ہیڈ سیٹ والا فیس ماسک متعارف

378

لاس ویگاس: پسند ہو یا نہ ہو، مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث فیس ماسک کا استعمال طویل عرصے تک جاری رکھنا ہوگا جبکہ فیس ماسک کے استعمال سے صرف آپ کو نہیں بلکہ دوسروں کو بھی تحفظ ملتا ہے۔ ۔

یہی وجہ ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث مختلف کمپنیوں کی جانب سے اسمارٹ فیس ماسکس اور دیگر ڈیوائسز لاس ویگاس میں جاری سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے دوران متعارف کرائی گئیں۔

امریکا کے شہر لاس ویگاس میں سجے دنیا کے سب سے بڑے ٹیکنالوجی میلے میں بلیوٹوتھ ہیڈ سیٹ سے لیس فیس ماسک متعارف کرا دیا گیا جبکہ ان میں سے ایک بیناٹون کمپنی کا ماسک فون بھی ہے جو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

بیناٹون ایک برطانوی کمپنی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ فیس ماسک پہننے کے باعث اسمارٹ فون پر بات کرتے ہوئے آواز بدل جاتی ہے، اسی کو مدنظر رکھ کر یہ فیس ماسک تیار کیا گیا ہے جبکہ یہ این 95 ماسک ہے جس کے اندر ایک بلیوٹوتھ ہیڈ سیٹ موجود ہے تاکہ لوگ فون پر بات کرسکیں۔

بیناٹون کے مطابق اس ماسک میں ایک مائیک اور 2 ایئربڈز موجود ہیں جو ایئرلوپس کے ساتھ منسلک ہیں جبکہ ماسک میں والیوم کنٹرول، پلے اور پوز کے بٹنز بھی موجود ہیں۔

بیناٹون کے مطابق اس ماسک میں ڈیجیٹل اسسٹنٹس سری اور ایمیزون سپورٹ موجود ہے تاکہ آواز سے میوزک کو پلے کیا جاسکے جبکہ ماسک میں نصب بلیوٹوتھ ہیڈسیٹ 12 گھنٹے تک کام کرسکتا ہے، جس کے بعد ماسک کو چارج کرنے کی ضرورت ہوگی۔

کمپنی کے مطابق یہ آئی پی ایکس 5 واٹر ریزیزٹنٹ ماسک ہے اور اس میں ڈسپوزایبل فلٹرز استعمال کیے گئے تھے جبکہ اس ماسک کی قیمت 50 ڈالر (8 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

دوسری جانب امریکا کے شہر لاس ویگاس کی اس نمائش میں ایل جی نے ایسا نیا انسٹاویو فریج بھی پیش کیا تھا جو آواز سے اوپن ہوسکتا ہے جبکہ پانی کو الٹرا وائلٹ ریز سے جراثیموں سے پاک کرسکتا ہے۔