پاکستان :بین الاقوامی آن لائن یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کے آٹھ رکنی اسکواڈ کا اعلان

565

پاکستان نے پہلی بین الاقوامی آن لائن یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کے  آٹھ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا پاکستانی اسکواڈ میں سابقہ ورلڈ یوتھ چیمپئین اور نیشنل چیمپئین بھی شامل ہیں۔

کراچی: پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن نے دنیا کی پہلی آن لائن یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کے آٹھ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، اسکواڈ میں سابق ورلڈ یوتھ چیمپئین اور قومی چیمپئن سید عماد علی، سابق نیشنل چمپئین حشام ہادی خان، علی واصف،  محمد عثمان شوکت، علی سلمان، مونس حسین خان شامل ہیں جبکہ صائم وقار اور شانِ عباس کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ورلڈ یوتھ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔ آٹھ رکنی پاکستانی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان اور ٹرافی کی رونمائی کی تقریب پیر کی شام فارم ایوو گیسٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ڈائریکٹر حسن عمر، پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز، اسکریبل یوتھ ورلڈ کے اسپانسر دوا ساز ادارے فارم ایوو کے سینئر مارکیٹنگ مینیجر زبیر صدیقی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرکے فرازمقبول شریک تھے۔

پاکستان کی میزبانی میں 22 جنوری 2021 سے منعقد ہو رہی ہے جس میں دنیا کے پانچ براعظموں کے 16 ممالک سے 96 کھلاڑی شریک ہوں گے۔ منتظمین کے مطابق سابقہ ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ اور موجودہ ویسپا یوتھ کپ 22 جنوری سے 7 فروری تک ہوگا۔ ایونٹ تین مرحلوں میں مکمل ہوگا۔ پہلا مرحلہ 22 سے  24 جنوری، دوسرا 30 سے 31  جنوری جبکہ تیسرا اورآخری مرحلہ 6 سے 7 فروری تک ہوگا۔

 اسکریبل کی عالمی تنظیم ویسپا نے اس چیمپیئن شپ کی میزبانی کے لئے پاکستان کا انتخاب کیا ہے، کوویڈ 19 کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پہلی بار چیمپیئن شپ کا انعقاد آن لائن ہوگا۔ پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چیمپیئن شپ کو اسپانسر کررہی ہے اسی وجہ سے اس ایونٹ کو گلیڈی ایٹرز ویسپا یوتھ کپ کا نام دیا گیا ہے جب کہ دوا ساز ادارہ فارم ایوو ٹورنامنٹ کے لیے جگہ اور دیگر تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ ٹیکنیکل ڈائریکٹر ولی محمد خبیب کی سربراہی میں انتہائی ماہر ٹیکنیکل ٹیم چیمپیئن شپ کا انعقاد کرے گی۔ ویسپا نے پاکستان کے حسان ہادی خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔ چیمپیئن شپ کی پوری انتظامی ٹیم کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔ اس چیمپیئن شپ میں پانچ براعظموں کے سولہ ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی، ہر ٹیم چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ تمام کھلاڑیوں کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔

یاد رہےکہ پہلی بار یہ چیمپیئن شپ انفرادی کے بجائے ٹیم فارمیٹ کے تحت کھیلی جائے گی۔ تمام ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جو راونڈ رابن لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔چیمپیئن شپ کیلئے کراچی میں  فارم ایوو کے گیسٹ ہاوس میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، جہاں انتظامی عملے کیلئے اسکریبل کا کمرہ، کمنٹری باکس اورہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اورمانیٹرنگ آلات کے ساتھ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ ٹیکنیکل ٹیم ویب کیم کے ذریعے تمام گیمز کی نگرانی کرے گی،چند منتخب میچز کو کمنٹری کے ساتھ لائیو اسٹریم بھی کیا جائے گا۔

دنیا کے بہترین اسکریبل کمنٹیٹرز امریکا کے ول اینڈرسن اورجیسے ڈے انگلش، جبکہ پاکستانی شائقین کیلئے وسیم کھتری اور دانیال ثناء اللہ اردو میں کمنٹری کریں گے۔ پاکستان چیمپیئن شپ جیتنے کیلئے فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے۔ ایونٹ کیلئے پاکستان کی 6 رکنی ٹیم کا اعلان 17  جنوری کو کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کیا جائے گا۔