مولانا عبدالحفیظ مکی عالم اسلام کی عظیم علمی شخصیت تھے

799

لاہور (نمائندہ جسارت)مولانا عبدالحفیظ مکی نور اللہ مرقدہ عالم اسلام کی عظیم علمی و روحانی شخصیت تھے اللہ تعالیٰ نے آپ کو پوری دنیا میں ہزاروں لوگوں کی ہدایت اور تزکیہ نفس کا ذریعہ بنایا پاکستان اور سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں آپ کو یکساں محبوبیت و مقبولیت حاصل تھی مولانا عبدالحفیظ مکی ؒکو اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کیلیے تڑپنے والا دل اور برسنے والی آنکھیں عطا فرمائیں آپ باوقار شخصیت کے مالک تھے آپ بیک وقت عالم باعمل شیخ طریقت تصوف و سلوک کے مقتداء و پیشوا اور کامیاب مدرس اور محافظ ختم نبوت تھے۔ مرکزی جامع مسجد گول میں تزکرہ اسلاف کے موضوع پر حضرت مولانا اسعد محمود مکی صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی پیر جی خالد محمود قاسمی کا خطاب چیئرمین رحمت کائنات فاؤنڈیشن الشیخ مولانا اسعد محمود مکی خلیفہ مجاز حضرت مولانا عبدالحفیظ مکیؒ نے مرکزی جامع مسجد گول میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالحفیظ مکیؒ نے اپنے شیخ حضرت مولانا محمد زکریا کاندہلوی ؒ کی ہدایت پر امریکہ جاپان افریقہ بنگلہ دیش برطانیہ و دیگر کئی ممالک کے تبلیغی و خانقاہی سفر کیے اور یہ سفر آپ کی زندگی کا ایسا حصہ بنے کہ آپ کو موت بھی تبلیغی و خانقاہی سفر کے دوران ساؤتھ افریقہ میں آئی شیخ الحدیث حضرت مولانا محمدزکریا کاندہلویؒ سے خلافت ملنے کے بعد آپ اپنے شیخ کے رنگ میںایسے رنگے کہ پھر آپ بھی لوگوں کا تزکیہ نفس اور اصلاح باطن کرکے لاکھوں لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ بن گئے ۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ حضرت مولانا عبدالحفیظ مکی ؒ حضرت مولانا محمد ضیاء القاسمی ؒ حضرت مولانا منظور احمد چنیوٹی ؒ تحریک ختم نبوت کے بانی ارکان میں سے تھے جنہوں نے عقیدئہ تحفظ ختم نبوت کے تحفظ اور نسل نو کے ایمان کی حفاظت کی اور ان بزرگوں نے فتنہء قادیانیت کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنے کیلیے اپنا قائدانہ کردار ادا کیا آپ انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے بانیان تھے اور ان بزرگوں کی کوششوں اور محنتوں سے عقیدئہ تحفظ ختم نبوت کا پرچار عالمی سطح پر کیا گیا پاکستان سمیت پوری دنیا میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کا فریضہ جو انہوں نے سرانجام دیا ہے ان شاء اللہ ان کے مشن کو جاری و ساری رکھا جائے گا پیر جی خالد محمود قاسمی خلیفہ مجازحضرت سید نفیس الحسینی شاہ ؒ نے خطاب کرتے ہوئے کہا مولاناعبدالحفیظ مکیؒ نے یورپ میں تحریک ختم نبوت کی قیادت کی اور کامیاب انٹرنیشنل سطح کی ختم نبوت کانفرنسیں منعقد کروائیں مولانا عبدالحفیظ مکی ؒنے جہاں پوری دنیا میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلیے بے مثال جدوجہد کی قادیانیوں سمیت سینکڑوں غیر مسلموں نے آپ کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا ہے سعودی عرب کے علماء اور رابطہ عالم اسلامی اور خلیجی ممالک کے علماء اور مشائخ کو فتنہء قادیانیت سے ہمیشہ آگاہ کرتے رہے لندن میں پہلی انٹرنیشنل ختم نبوت کانفرنس کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا۔