کوہاٹ، تیز رفتار ڈمپر اور آٹو رکشے میں تصادم، 3بہنیں جاں بحق

273

کوہاٹ (این این آئی) کوہاٹ شہر کے قریب بائی پاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر اور رکشے میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین بہنیں جاں بحق اور ماں دو بیٹیوں سمیت شدید زخمی ہوگئیں، حادثے میں رکشا ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا۔ ریسکیو 1122 اور پولیس ترجمان کے مطابق ہفتے کی شام والدہ اپنی پانچ بیٹیوں کے ہمراہ ایک رکشے میں سوار ہوکر کوہاٹ شہر سے اپنے گھر جارہی تھیں کہ شہر کے قریب بائی پاس روڈ پر رکشا مخالف سمت سے آنے والے تیزرفتارڈمپر سے ٹکراگیا جس کے باعث رکشا میں سوار تین بہنیں موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ماں دو بیٹیوں سمیت شدیدزخمی ہوگئیں، حادثے میں رکشا ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کرکے جاں بحق و زخمی افراد کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوہاٹ منتقل کردیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق خواتین کی شناخت 35 سالہ نگینہ بی بی‘ 8 سالہ خدیجہ بی بی اور 5 سالہ روشنی بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ جاں بحق اورزخمیوں کا تعلق نواحی علاقہ نوی کلے کے ایک ہی گھرانے سے بتایاجاتا ہے جبکہ حادثے میں رکشا ڈرائیور سلیمان زخمی ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثے کے فوری بعد ڈمپر کا ڈرائیور جائے حادثے سے فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس اسٹیشن جنگل خیل نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔