جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی،پریکٹس شروع کر دی

335

کراچی(اسٹاف رپورٹر) دورہ پاکستان پر گزشتہ روز کراچی پہنچنے والی جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے کویڈ ٹیسٹ منفی آگئے۔مہمان ٹیم نے شیڈول کے مطابق اتوار کی صبح کراچی جم خانہ گرائونڈ پر پریکٹس کا آغاز بھی کردیا ، پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں 26جنوری سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے مہمان سائیڈ نے پہلے روز پریکٹس کا آغاز ہلکی پھلکی ورزشوں سے کیا، دوران پریکٹس کھلاڑی خوشگوار موڈ میں نظر آئے، جنوبی افریقا کی ٹیم مقامی ہوٹل میں قرنطینہ کے دوران مسلسل 6 روز تک کراچی جم خانہ گرائونڈ پریکٹس کرے گی۔مہمان ٹیم کے ترجمان کے مطابق پیر کو صبح 10بجے شروع ہونے والی پریکٹس کے بعد دوپہر 2 بجے افریقی ٹیم کے کپتان کونٹن ڈی کوک ورچل پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ بدھ کو جنوبی افریقا ٹیم کے منیجر کی میڈیا کانفرنس ہوگی۔ جمعرات اور جمعہ کو مہمان ٹیم انٹر اسکواڈ میچز کھیلے گی۔ دوسرے کوویڈ ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں جنوبی افریقا کی ٹیم ہفتہ اور اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوپہر 1بجے ٹریننگ کا آغاز کرے گی، اگلے 2 روز روزآنہ صبح 10بجے اوراتوار کو ٹریننگ سیشن کا انعقاد دوپہر 1بجے ہوگا، ہرسیشن کے اختتام پر اسکواڈ میں شامل ایک رکن ورچوئل پریس کانفرنس میں شرکت کرے گا، پیر کو صبح 10 ٹریننگ سیشن ہوگا، بعد ازاں قومی کپتان بابراعظم ورچوئل پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔