ملک چلانا بچوں کا کھیل نہیں، اناڑیوں کے حوالے کردیا گیا، ن لیگ

331

سیالکوٹ/لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اناڑیوں کے ہاتھ میں ملک دیدیا گیا ہے، ملک چلانا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ یہاں آنے کا مقصد خواجہ آصف کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے، ان گرفتاریوں کا احتساب سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ گرفتاریاں سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہیں۔سعد رفیق کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف پر کوئی کیس نہیں بن رہا تھا، لاڈلے کی فرمائش پر خواجہ آصف کو گرفتار کیا گیا، خواجہ آصف کو جعلی کیس میں گرفتار کیا گیا، وہ جلد سرخرو ہو کر لوٹیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جمہوریت کے لیے کوئی جدوجہد نہیں ہے، آپ کوئی ایک سیاسی آدمی توڑ نہیں سکے، پہلے نیب کے ذریعے یہ کام کیا گیا اور اب ایف آئی اے کو بھی اس کام پر لگا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جو 24 گھنٹے انتشار پھیلانے کا سوچتی ہے، روشن مستقبل کے لیے اس حکومت کو چلتا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نا اہلوں سے لاہور کا کچرا نہیں اٹھ رہا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کا پیسہ امانت سمجھ کر استعمال کیا تو 14 ہزار میگا واٹ بجلی بن گئی، لاہور میٹرو بن گیا اوراسپتال بن گئے۔انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال میں اس حکومت نے 14 ہزار ارب کا قرضہ لیا لیکن منصوبوں کی ایک اینٹ نہ لگی۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اگست میں سلیکٹڈ وزیراعظم نے پشاور میٹرو کا افتتاح کیا تھا اور آج وہ میٹرو دھکے سے بھی نہیں چلتی کیونکہ نہ دھکے سے حکومت چلتی ہے اور نہ دھکے سے میٹرو چلتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ جو تحریک انصاف کے اکاؤنٹس میں آئی اس کا خمیازہ آج پورا پاکستان بھگت رہا ہے، فیصلہ ہوچکا، اب 19 جنوری کو تحریری فیصلہ لینے آرہے ہیں۔لیگی ترجمان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پر دباؤ ڈالا ہی نہیں جاسکتا، یہ تو پی ڈی ایم کا دباؤ ہے کہ سلیکٹڈ کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں، اپوزیشن کے لوگ پہلے ہی جیل میں ہیں، اپوزیشن کو کیسے ٹف ٹائم دیا جاسکتا ہے۔