سرکاری بھرتیوں کے لیے شفاف طریقہ کار وضع کیا جائے، محمود خان

230

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تمام صوبائی محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے لیے اْمیدواروں کے ٹیسٹس اور انٹرویوز کا حقیقت پسندانہ طریقہ کا وضع کیا جائے جس کے تحت ٹیسٹس اور انٹرویوز میں پوچھے جانے والے سوالات متعلقہ شعبے اور فیلڈ سے متعلق معلومات پر ہی مبنی ہونے چاہئیں تاکہ مطلوبہ پیشہ ورانہ استعداد اور قابلیت کے حامل اْمیدواروں کا انتخاب ممکن ہو سکے۔ یہ ہدایات اْنہوں نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہائوس پشاورمیں خیبرپختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی بورڈ کے دسویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس کو بورڈ کے سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد سے آگاہ کیا گیا اور متعدد اْمور منظوری کے لیے پیش کیے گئے۔ اجلاس کوبتایا کیا گیا کہ اتھارٹی کے تحت خالی اسامیوں پر بھرتیوں کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا ہے تاہم مطلوبہ تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے حامل امیدوار نہ ملنے کی وجہ سے تکنیکی نوعیت کی بعض اسامیوں پر نہیں ہوسکیں۔ اجلاس میں ان اسامیوں کو پر کرنے کے لیے تعلیمی قابلیت اور دیگر شرائط میں نرمی کرکے ان اسامیوں کو دوبارہ مشتہر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے اتھارٹی کے سروس ریگولیشنز پر نظرثانی کے اختیارات اتھارٹی کے سیلیکشن بورڈ کو تفویض کر دیے گئے۔