راشد سومرو کی اسداللہ بھٹو، حسین محنتی سے ملاقات‘ مارچ میں شرکت کی دعوت

367

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو کی زیر قیادت جے یو آئی سندھ کے ایک نمائندہ وفد نے قباء آڈیٹوریم پہنچ کر جماعت اسلامی کے صوبائی ومرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، محمد حسین محنتی سے ملاقات کی۔وفد نے 21جنوری کو مزار قائد کراچی میں ہونے والے اسرائیل مردہ باد مارچ کی دعوت سمیت ملک وسندھ کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔صوبائی قیادت کے علاوہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کو بھی مارچ میں شرکت کی دعوت کاپیغام پہنچایا۔محمد حسین محنتی نے جے یو آئی کے اسرائیل مردہ باد مارچ کی حمایت اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نامنظور کا نعرہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امت مسلمہ کی آواز ہے۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جس کو بین الاقوامی قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے، خود بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے فرمایا تھا کہ ’’اسرائیل امت مسلمہ کے دل میں گھونپا ہوا خنجر ہے جس کو کبھی بھی تسلیم نہیں کیا جائے گا‘‘پارلیمنٹ سمیت حکومتی حلقوں میں ناجائزیہودی ریاست کو تسلیم کرنے کی باتیں ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔مسلمانوں کے قبلہ اول کی آزادی ہمارے ایمان کا حصہ اور اسرائیل نامنظور مارچ وقت کی آواز ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا کہ اسرائیل ایک ظالم وجابر ریاست ہے جس نے ارض فلسطین کے باشندوں کو نہ صرف نکال باہر کیا بلکہ ووٹ کے حق سے بھی محروم کردیا ہے ، مسلم دشمنی کی انتہا یہ ہے کہ غزہ کے مسلم علاقوں کو باڑ اور دیوار لگاکر دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے، ایسی ریاست کو تسلیم کرنا انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔ جماعت اسلامی نے بھی اسرائیل کیخلاف تحریک اوچند عرب ممالک کی جانب سے راسرئیل کو تسلیم کرنے والے اعلان کے خلاف ملکیر یوم احتجاج بھی منایا ،جے یو آئی کے مارچ کا خیرمقدم اور تمام پارٹیوں کو اپنے ذاتی پارٹی ومسالک سے بالاتر ہوکر ملک وملت کے مفادات کو ترجیح دینی چاہئے اوراسرائیل مردہ باد مارچ میں شرکت کرکے اتحاد امت کا ثبوت دیں۔جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ پاکستان اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا اس کی بقا،ترقی ، نظریاتی وجغرافیائی سرحدون کی حفاظت بھی دینی جماعتیں کریں گی۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی حکومتی سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔اس حوالے سے جماعت اسلامی سمیت تمام دینی جماعتوں کو 21جنوری کو اسرائیل مردہ باد مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس موقع پر جے یو آئی سندھ کے نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد، سابق سینیٹر مولانا راحت حسین شاہ، مولانا نصیر احمد سواتی،مولانامحمد غیاث،شرف الدین انڈھڑ،مولاناحماد اللہ شاہ،مولانا امین اللہ جبکہ جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر عبدالغفار عمر،نائب قیم محمد مسلم،مولاناآفتاب ملک اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت د یگر بھی موجود تھے۔