مقبوضہ کشمیر میں برفباری کا 30 سالہ ریکارڈٹوٹ گیا

214

سری نگر (آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں 30 سال بعد شدید ترین برفباری ہوئی ہے اور کئی علاقوں میں 5، 5 فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں ہونے والی برفباری سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں، عوام کو راشن حاصل کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے اور پرندوں کو بھی خوراک کی تلاش ہے۔ کئی دنوں سے سڑکوں پر جمی برف کو صاف نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے لوگوں کو اپنے روز مرہ کے معمولات کو جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر سال ہی برفباری ہوتی ہے اور لوگ شدید موسم اور برفباری کے عادی ہیں لیکن اس سال اس کی شدت کہیں زیادہ ہے۔ سرد موسم اور برفباری سے گنجان آباد علاقے بھی سنسان پڑے ہیں ہر شے پر برف کی سفید چادر جمی ہوئی ہے اور سردی کی شدت میں کمی واقع نہیں ہو رہی۔گرم کپڑوں کی مانگ بھی بڑھنے سے ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ بسیں اور بڑے ٹرک بھی برف میں دھنس گئے ہیں اور برف کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں بھی دقت پیش آ رہی ہے اور لوگ انتظامیہ اور حکومت کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں۔