پاکستان قونصلیٹ جدہ کا سعودی حکومت اور وزارت صحت سے اظہار تشکر

275

پاکستان قونصلیٹ جدہ نے سعودی حکومت، وزارت صحت اور مکہ مکرمہ کے زچہ بچہ اسپتال کی خصوصی ٹیم کے ارکان کی بے مثال خدمات پر اظہار تشکر کیا ہے۔ اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ہلال المالکی نے بتایا کہ عمرہ پر آئی ہوئی پاکستانی خاتون نے ایک بچے کو جنم دیا، جس کی مسلسل ایک سال تک دیکھ بھال کے بعد پاکستانی قونصل خانے کے ثاقب علی خان کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وبا کی وجہ سے والدین مجبوراً پاکستان واپس چلے گئے تھے جب کہ اس دوران اسپتال کی انتظامیہ نومولود کی دیکھ بھال کرتی رہی۔
ڈاکٹر المالکی کے مطابق بچے کی پیدایش کے وقت بچے کا وزن ایک کلو گرام تھا اور اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا، جس میں وہ 46 دن تک رہا۔ اس دوران نوزائیدہ انتہائی نگہداشت میں ماہر ڈاکٹروں اور مشیروں کی نگرانی میں رہا۔ انتہائی نگہداشت یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر عطیہ الزہرانی نے بتایا کہ پاکستانی بچے کو تقریباً ایک برس تک آئی سی یو میں رکھا گیا، جس کے بعد اسے سماجی نگہداشت کے ادارے کے سپرد کردیا گیا تھا اور اب وہ بہترین صحت میں ہے اور اپنے ملک واپس جا سکتا ہے۔
بچے کی بہترین نگہداشت کرنے اوربچے کے اہل خانہ سے اس کی صحت یابی سے متعلق مستقل رابطہ رکھنے پر پاکستانی برادری کی دیگر شخصیات نے بھی سعودی حکومت اور اسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان قونصلیٹ کی جانب سے بچے کو جلد ہی والدین کے پاس کوئٹہ بھجوا دیا جائے گا۔