کراچی شیف ایٹ ہومز کے زیر اہتمام کلب کی سالانہ تقریب

440

کراچی شیف ایٹ ہومز (کے سی ایچ) جدہ کی بانی صبا محسن شیخ کی جانب سے کلب کی سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کورونا وائرس کی احتیاطی کو اختیار کرتے ہوئے خواتین کو محدود تعداد میں مدعو کیاگیا تھا۔ دنیا بھر سے لاکھوں خواتین اس گروپ کی ارکان ہیں۔ پاکستان سمیت کئی ممالک کی ایسی خواتین جو گھروں میں مزیدار کھانا تیار کرنے کا شوق رکھتی ہیں، اس گروپ کا حصہ ہیں۔ جدہ میں مقیم کے سی ایچ گروپ کی تقریب میں  ماہر میک اپ آرٹسٹ سلمیٰ جہانزیب، ماہر غذائیت ادعیَہ وہاج، ماہر بیکر ندا عدنان اور شفا احمد ، ڈیزائنر ربیعہ دانش، پروفیسر مدہت رؤف کے ہمراہ عفت ابراہیم، زینیہ ریحان، ملیحہ طاہر، صائمہ امتیاز اور سبینہ احسان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر کے سی ایچ کی ریجنل ہیڈ سلمٰی جہانزیب نے کہا کہ ہم کورونا کا مقابلہ کرتے ہوئے تاریخ کے ایک اہم ترین دور سے گزر رہے ہیں اور ہمارا بہترین رویہ ہی ہمیں اس وبا سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ ندا عدنان اور شفا احمد نے اپنے پیغامات میں کہا کہ اس وبا کے پیش نظر بیشتر وقت گھروں میں رہ کر گزارا جائے، اس دوران ہم بچوں کے ساتھ مل کر تخلیقی کام کر سکتے ہیں۔ ماہر غذائیت ادعیہ وہاج کا کہنا تھا کہ مضبوط نظام مدفاعت آپ کو قدرتی طور پر مختلف بیماریوں اور انفیکشن سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ وٹامن سی سے بھرپور پھل اور خوراک کے استعمال کے ساتھ ہمیں روزانہ کی بنیاد پر دہی، سورج مکھی کے بیج، بادام، مچھلی، انڈے، دالیں، پالک، مختلف اقسام کے پھل کھانے چاہییں۔ تقریب کے دوران کورونا کے باعث پیدا ہونے والے صحت عامہ کے بحران کا حل تلاش کرنے پر بات چیت کی گئی۔ آخر میں پرتکلف عسائیہ دیا گیا۔ سلمیٰ جہانزیب نے نئے سال کی آمد پر شرکا کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں موجود شاعرہ نبا ریحان اور فواذ جہانزیب نے شرکا کو محظوظ کیا۔