تخیل ادبی فورم کےزیراہتمام شوکت جمال کے نام الوداعی شام

283

سعودی عرب کے درالحکومت ریاض میں تخیل ادبی فورم کے زیر اہتمام اردو زبان کے شگفتہ شاعر شوکت جمال کے نام الوداعی شام کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کیمونٹی نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز راشد منہاس نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا۔ صدرات کے فرائض پروفیسر اقبال اعجاز بیگ اور نظامت کے فرائض راشد محمود نے ادا کیے۔ تقریب کے مہمان خصوصی شوکت جمال اور مہمان اعزازی صدف فریدی تھے۔
تقریب کے آغاز میں راشد محمود نے شوکت جمال کی ادبی خدمات پر ایک مفصل مضمون پیش کیا۔ صدف فریدی نے ایک نظم شوکت جمال کی نذر کی۔ تخیل ادبی فورم کے پیٹرن ان چیف منصور محبوب نے خطاب کرتے ہوئے شوکت جمال کی زندگی کو ادبی اثاثہ قرار دیا۔ فورم کے سینئر ارکان صابر امانی اور محسن رضا سمر نے شوکت جمال کی ادبی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے صدر پروفیسر اعجاز بیگ نے شوکت جمال کے ساتھ ایک طویل رفاقت کا تفصیلی ذکر کیا اور ان کی شاعری کو بھرپور سراہا۔
اس موقع پر ایک غیر رسمی مشاعرے کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں راشد منہاس، یاسر، منیب فیاض، کامران ملک، پیر اسد کمال، صابر امانی، منصور محبوب، سلیم کاوش، محسن رضا سمر، صدف فریدی، شوکت جمال اور پروفیسر اقبال اعجاز بیگ نے اپنا کلام سامعین کی نذر کیا اور خوب داد سمیٹی۔ تقریب کے آخر میں سلیم کاوش نے اپنی کتاب متاعِ عشق شوکت جمال کو پیش کی۔ آخر میں شوکت جمال نے تقریب کے انعقاد پر تخیل ادبی فورم کا شکریہ ادا کیا ۔ اختتام پر شرکا کے لیے عشایئے کا اہتمام کیا گیا تھا۔