میمن یوتھ ڈیولپمنٹ فورم کے ارکان کی صحافیوں کےساتھ ایک شام

265

میمن کمیونٹی کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اورتفریحی سرگرمیوں کے لیے قائم ہونے والی تنظیم میمن یوتھ ڈیولپمنٹ فورم نے جدہ کے صحافیوں کو مدعوکیا اور ان کے ساتھ ایک خوب صورت شام سجائی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی خدیجہ ملک تھیں جوسعودی انٹرنیشنل میڈیا فورم کی صدر ہیں۔ ان کے ہمراہ عروج اصغر اور امرینا نے اعزازی مہمان خصوصی کےطور پر شرکت کی۔ تقریب کی صدارت مکہ مکرمہ سے آئے ڈاکٹر محمد عرفان کرمانی نے کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت ماسٹر خطیب احمد سراج لالہ نے حاصل کی۔ سراج آدم جی نے فورم کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوان کل کے رہنما ہیں، ہمیں ان کو آگے لانا ہے اور فورم نوجوانوں کی ترقی و تربیت کے لیے کوشاں رہے گا۔ خدیجہ ملک، عروج اصغر اور امرینا نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ میمن یوتھ ڈیولپمنٹ فورم خصوصاً ویمن ونگ کے لیے اپنا تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ڈاکٹرعرفان نے اپنے صدارتی خطاب میں ایم وائی ڈی ایف کی سرگرمیوں کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کی پیش کش کی۔ تنظیم کی جانب سے رواں برس بہترین فوٹوگرافی کا ایوارڈ جاوید خیرانی کو دیا گیا۔کورونا سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پروگرام میں محدود افراد کو مدعو کیا گیا تھا۔