مجلس محصورین کےتحت صحافی رؤف طاہر اور دیگر کے لیے دعائیہ نشست

496

مجلس محصورین پاکستان کے تحت معروف صحافی رؤف طاہر اور وفات پانے والے دیگر افراد کے لیے ایک تعزیتی و دعائیہ نشست کا اہتمام کیا، جس کی صدارت مسلم ویلفیئر اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے بانی صدر خالد وجیہ نے کی جبکہ پاک سعودی فرینڈزشپ فورم کے چیئرمین چودھری خالد رشید مہمان خصوصی تھے۔
نشست کا آغاز سید وقار احمد نے تلاوت کلام پاک سے کیا جب کہ حافظ عرفان کھٹانہ نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض سید مسرت خلیل نے انجام دیے۔ مہمان خصوصی چودھری خالد رشید نے اپنے خطاب میں حدیث پاک کے حوالے سے کہا کہ اللہ ہی کا تھا جو اس نے لے لیا اور اسی کا ہے جو اس نے دیا ہے اور اس کے ہاں ہر چیز کا ایک وقت مقرر ہے۔ اس لیے صبر کرنا چاہیے اور ایصال ثواب جاری رکھنا چاہیے۔
خالد وجیہ نے اپنے صدراتی خطاب میں کہا کہ مجلس محصورین نے جن لوگوں کے لیے تعزیتی اور دعائیہ نشست منعقد کی ہے، اللہ تعالیٰ ان سب کے حق میں ہماری دعائیں قبول فرمائے۔ نشست میں پاکستان کے نامور صحافی اور محصورین کے ہمدرد رؤف طاہر، بانی ایم ڈبلیو اینڈ ڈی او سید نثار احمد کی مرحومہ زوجہ، مرحوم ڈاکٹر ساجد وجیہ (برادر خالد وجیہ)، مرحومہ زوجہ بشیر سواتی، مرحوم طارق حسین صدیق (برادر نسبتی عاصم شاہ)، مرحومہ پھوپی اسرار خان، مرحوم حاجی صدیق (والد فاروق)، مرحوم جاوید احمد کے لیے دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ کے سابق سکریٹری جنرل ڈاکٹرعبداللہ بن عمر نصیف، معروف اسکالر ڈاکٹر تنویر الزمان، پاکستان رائٹرز فورم کے صدر انجینئر سید نیاز احمد کی صاحبزادی زینت کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
آخر میں مجلس محصورین کے کنوینیئر انجینئر سید احسان الحق نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور محصورین بنگلادیش، کشمیر، روہنگیا مسلمانوں اور تحفظ ختم نبوت کے لیے قربانی دینے والوں اور رؤف طاہر کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ نشست کے شرکا میں فراز حیدر، اسلم تنویر، زمرد خان سیفی، فاروق محمد امانت اللہ اورحسن بٹ بھی موجود تھے۔