حقوق کراچی مہم : جماعت اسلامی شمالی کا فورکے چورنگی پر مظاہرہ

192

 

کراچی (پ ر)جماعت اسلامی ضلع شمالی کے امیر محمد یوسف نے کہا ہے کہ شہر قائد کا کوئی والی وارث نہیں، جو شہر صوبے کو 90 فیصد اور وفاق کو 65 فیصد ریونیو دینے والا ہے وہی آج سب سے زیادہ مسائل میں گھرا ہوا ہے، جماعت اسلامی شہر کراچی کی تعمیر و ترقی اور اسے دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی۔ عوام سے ترقیاتی کاموں کو کرانے اور مسائل کو حل کرنے کے وعدے کرکے سبز باغ دکھا کر شہر سے ووٹ لینے والے ووٹ لینے کے بعد شہر اور اس کے باسیوں کو بھول جاتے ہیں، شہر کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں سے اپیل کرتے ہیں کہ شہر کراچی کو کم از کم ایک اچھا صاف ستھرا شہر ہی بنادیں۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع شمالی کے امیر محمد یوسف نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے زیر اہتمام 4K چورنگی پر حقوق کرا چی مہم کے سلسلے میں کراچی کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد یوسف نے کہا کہ اس وقت شہر کراچی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، ابلتے ہوئے گٹر کے پانی اور کچرے کے ڈھیر کی آماجگاہ بنا ہوا ہے،شہر میں کوئی ترقیاتی کام ہوتا نظر نہیں آتا۔ کراچی کے ہر علاقے ہر ضلع کا یہی حال ہے ،ضلع شمالی، ضلع غربی اور ضلع ملیر کو ملانے والے علاقوں نارتھ کراچی، نیو کراچی، سرجانی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن، خدا کی بستی، منگھو پیر، معمار موڑ ،نیو سبزی منڈی اورسپرہائی وے کی سڑکوں سیوریج سسٹم کا بہت ہی برا حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی تعمیر و ترقی کی لیے آواز اٹھا رہی ہے اور جو کچھ ہو سکتا ہے کر رہی ہے اورکرتی رہے گی۔ ہم وفاقی اور صوبائی حکومت مطالبہ کرتے ہیں نارتھ کراچی، نیو کراچی ،سرجانی ٹاؤن ،تیسر ٹاؤن اور خدا کی بستی کی ٹوٹی سڑکوں اور چورنگیوں کی تعمیر کی جائے، نکاسی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، 4K چورنگی سے معمارموڑ تک مخدوش سڑک کو ازسر نو تعمیر کیا جائے ،اس سڑک سے روزانہ ہزاروں افراد اور ہیوی ٹریفک گزرتا ہے، عوام کی مشکلات دور کرنا اور ان کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ذمے داری ہے، عوام سے ٹیکس لیا جاتا ہے تو ان کو ان کا حق بھی دیا جائے اب عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ اتوار 24 جنوری کو دوبارہ 4K چورنگی پر مظاہرہ ہوگا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری ضلع شمالی شعیب بن ظہیر،جے آئی یوتھ ضلع شمالی کے صدر فیصل جمیل اور ناظم علاقہ جماعت اسلامی نیو کراچی شکیل احمد نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں نائب صدر جے آئی یوتھ سید مطا ہر علی ودیگر ذمے داران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔