نقیب اللہ قتل کیس میںراؤ انوار کو بری کرنے کی تیاریاں

305

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر نے کہا ہے کہ نقیب اللہ محسود کیس میں شواہد کو مٹا دیا گیا، راؤ انوار کو بری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔نقیب اللہ محسود کی تیسری برسی کے موقع پر اتوار کو گرینڈ جرگے کے ساتھ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جبران ناصر نے کہا کہ اس کیس میں 30 ملزمان ہیں جن میں 7 پولیس والے اب بھی مفرور ہیں، 3 سال گزر گئے 6 لوگ مفرور ہیں اور 5 پولیس والے اپنے بیان سے منحرف ہوگئے، ضلع ملیر میں انہی افراد کو پوسٹنگ دی جارہی ہے، اس کیس میں شواہد کو مٹا دیا گیا، راؤ انوار کو بری کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، راؤ انوارکو 444 مقابلوں سے بری کرنے کی سازش ہورہی ہے ،ثنا اللہ عباسی کو انکوائری افسر رکھا گیا تھا،اس افسر کو ہٹا کر کے پی کے کا آئی جی لگادیاگیا، ریاست کا مقابلہ راؤ انوار سے ہے، اگر نقیب کا مقدمہ ہارے تو ریاست ہارے گی۔ جبران ناصر کا کہنا تھا کہ مریم نواز، شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف جیل جا سکتے ہیں لیکن راؤ انوار جیل نہیں جاسکتا،راؤ انوار کا پروٹوکول ریاست سے بڑا ہے تاہم وہ تمام پلیٹ فارم پر آواز بلند کریں گے۔