شواہد نے بھارت کو مزید بے نقاب کردیا‘ پاکستان

320

اسلام آبا د(آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ تازہ شواہد نے بھارت کو مزید بے نقاب اور پاکستان کے مؤقف کی تائید کردی، بی جے پی حکومت نے فالس فلیگ آپریشن رچایا، پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق جھوٹ باندھا، بھارت کے اندر قوم پرستی کی آگ کو مزید بھڑکایا، نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کرنے کے علاوہ انتخاب جیتنے کی خاطر اپنی قوم کے جذبات کو گمراہ کن رخ پرڈالا،امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری جنوبی ایشیاکے امن وسلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی ،تفصیلات کے مطابق اتوار کو جاری کردہ بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں عالمی برادری کے سامنے بھارت کی ریاستی سرپرستی میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے اور پاکستان مخالف جھوٹی عالمگیر مہم چلانے کے ناقابل تردید شواہد آچکے ہیں، ٹی آر پی کیس میں ممبئی پولیس کی چارج شیٹ میں بھارتی ری پبلک ٹی وی کے اینکر کے ٹرانسکرپٹس شامل ہیں جس نے بھارت کے مکروہ اور مذموم عزائم مزید بے نقاب کردئیے اور پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید وتصدیق کردی ہے،تازہ انکشافات سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان اب تک جن امور کی مسلسل نشاندہی کرتا آ رہا ہے، وہ تمام حقائق درست ہیں۔