پاکستان کپ ،سندھ نے ناردرن کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی،شرجیل خان کی سنچری

524

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کپ کے 5ویں رائونڈ میں سندھ نے شرجیل خان کی سنچری کی بدولت ناردرن کو 7 وکٹوں جبکہ سدرن پنجاب نے صہیب مقصود ، مختار احمد اورحسین طلعت کی سنچریوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ اسی طرح سینٹرل پنجاب نے بھی بلوچستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ہفتہ کو کھیلے گئے میچ میں سندھ نے شرجیل خان کی سنچری کی بدولت ناردرن کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 187 رنز کا مطلوبہ ہدف 28.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے 74 گیندوں پر 13 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیلی،انہوں نے خرم منظور کے ہمراہ 160 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔خرم منظور 5 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو حماد اعظم نے آئوٹ کیا۔ اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ناردرن کی پوری ٹیم 44.2 اوورز میں 186 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ اسپنر دانش عزیز اور فاسٹ بولر میرحمزہ نے3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔میچ میں شاندار سنچری ا سکور کرنے پر شرجیل خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے صہیب مقصود کے 101 رنز اور اوپنر مختار احمد اور مڈل آرڈر بیٹسمین حسین طلعت کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت خیبرپختونخواہ کو 8 وکٹوں کے بھاری مارجن سے ہرادیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 146 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ مختار احمد 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 109 گیندوں پر 108 جبکہ حسین طلعت 64 گیندوں پر 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے تیسرے بیٹسمین صہیب مقصود تھے۔ وہ 58 گیندوں پر 11 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ انہوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں مختار احمد کے ہمراہ 160 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔
سدرن پنجاب نے 317 رنز کا ہدف 40.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عمران خان سینئر اور آصف آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر خیبر پختون خوا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کے پی نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے۔ خالد عثمان 74 گیندوں پر ناقابل شکست 91 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔محمد حارث 68 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ علی شفیق نے 3 اور محمد عمران نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔مختار احمد اور صہیب مقصود کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 214 رنز کا مطلوبہ ہدف 46 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ قاسم اکرم ناٹ آئوٹ 60 اور طیب طاہر 47 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ بلوچستان کے اسپنر رضا الحسن نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل بلوچستان کی پوری ٹیم 48 اوورز میں 213 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔8ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے میدان میں اترنے والے کاشف بھٹی 59 اور 10ویںنمبر پر بیٹنگ کرنے والے جلات خان 55 رنز بنا کر بلوچستان کے ٹاپ اسکوررز رہے۔ سینٹرل پنجاب کے عثمان قادر نے 4 کامران افضل اور احمد بشیر نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ سینٹرل پنجاب کے قاسم اکرم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ5ویں رائونڈ کے اختتام پر سندھ، خیبرپختونخوا اور ناردرن کی ٹیمیں 6,6 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ سدرن پنجاب، بلوچستان اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں 4,4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھی،5ویں اور چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔