حکومت کا براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ، کمیٹی تشکیل

516

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کیلئے تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کے لیے وفاقی وزریر اطلاعات شبلی فراز، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری اور وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے۔

یہ کمیٹی 2002 سے 2018 تک براڈشیٹ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا جائزہ لے گی اور تحقیقات کی جائیں گی کہ اس معاملے سے کس نے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔

سینیٹر شبلی فراز نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے معاملے کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کابینہ کمیٹی تشکیل دی ہے، شبلی فراز کمیٹی کے کنوینئرہوں گے۔ کمیٹی کابینہ کو 48 گھنٹوں میں براڈشیٹ معاملے پر سفارشات پیش کرے گی، اس معاملے میں فائدہ دینے والے اورفائدہ اٹھانے والے تمام لوگوں کیخلاف کاروائی ہو گی۔