ناریل پانی پینے کا بہترین وقت کیا ہے؟

1003

ناریل قدرت کی طرف سے انسانوں کو دیا ہوا ایسا تحفہ ہے جس کے بے شمار فائدے ہیں ناریل کو ایسے ہی کھایا جائے یا اس کا پانی پیاجائے دونوں ہی صورتوں میں ناریل انسان کو فائدہ پہنچاتا ہے جبکہ ہرے یا کچے ناریل کے پانی میں وٹامن سی،  فائبر اور منرلز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں اور  ناریل کے پانی میں 94فیصد پانی شامل ہوتا ہے جو انسان کی پیاس بجھانے کے ساتھ جلد اورجسم کے لیے بھی بے حد فائدے مند ہوتا ہے۔

سبزرنگ کا کچا ناریل جسے ڈاب بھی کہتے ہیں کہ پانی سے بھرا ہوتا ہے اس میں گودا گری بالائی کی طرح جمی ہوتی ہے اس ڈاب کا پانی بے شمار طبی خواص کا حامل سمجھا جاتا ہے۔

بہت سے ماہرین نے ناریل کے پانی کو ایک معجزاتی مشروب قرار دیا ہے اور یہ آپ کے جسم میں توانائی کو فوری طور پر فروغ دینے کے لیے ایک طاقتور قدرتی  مشروب کا بھی کام کرتا ہے جبکہ  اپنی صحت کا خاص خیال رکھنے والوں کی یہ بہترین ڈرنک تصور کی جاتی ہے کیونکہ یہ توانائی کے ساتھ ہی وزن کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے اور اس کے علاوہ ناریل کاپانی گردوں، میٹابولک نظام اور دیگر بیماریوں کے لیے نہایت مفید ہے۔

اس میں کیلوری کی مقدار کم ہے اور اس میں قدرتی انزائم اور پوٹاشیم جیسے معدنیات ہوتے ہیں جو اسے ایک سپر ڈرنک بنا دیتے ہیں اگرچہ دن کے وقت کسی بھی وقت ناریل کا تازہ پانی پیا جاسکتا ہے لیکن صحیح وقت پر پینے سے آپ کو صحت سے متعلق دوگنے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔

زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے آپ کو ناریل پانی پینے کے بہترین وقت کے بارے میں جاننا لازمی ہے اور یہاں ہم آپ کو اس بارے میں ہی تفصیلی معلومات دیں گے۔

 ناریل پانی پینے کا بہترین وقت کیا ہے؟

دوسرے مشروبات کے برعکس، ناریل پانی پینے کا بہترین وقت کوئی نہیں ہے۔ آپ دن میں اور یہاں تک کہ رات کے وقت بھی اس سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں  لیکن کچھ مخصوص اوقات میں اسے پینا یقیناََ فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔

صبح سویرے خالی پیٹ پی لیں

صبح خالی پیٹ ناریل پانی پینا کئی طریقوں سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ناریل کے پانی میں لوری ایسڈ ہوتا ہے، جو آپ کی قوت مدافعت کو بڑھانے، آپ کی میٹابولزم کو شروع کرنے اور وزن میں کمی کی سہولت فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

پانی کی کمی اور قبض سے لڑنے کے لیے حاملہ خواتین کو اکثر ناریل پانی پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ یہ  تیزابیت اور سینے کی جلن کو دور کرنے میں بھی مدد کرتا ہے، جو حمل کی عام علامات ہیں۔

ورزش سے پہلے یا بعد میں

جیسا کہ یہ سب ہی جانتے ہیں کہ ناریل کا پانی ایک زبردست قدرتی مشروب ہے جو ورزش سے پہلے آپ کے جسم کو ہائیڈریٹ کرنے اور توانائی بڑھانے میں مدد کرتا ہے جبکہ ورزش کے بعد ناریل کا پانی شدید سیشن کے دوران کھوئے ہوئے الیکٹروائلیٹوں کو بھرنے میں مدد کرتا ہے۔ ناریل کا پانی پینے سے تھکاوٹ اور تھکن سے لڑنے میں مدد ملتی ہے کیونکہ یہ توانائی کو فروغ دینے والے بہترین مشروبات میں سے ایک ہے۔

کھانا کھانے سے پہلے اور بعد میں

کھانے سے پہلے تازہ ناریل پانی کا گلاس پینا آپ کو بھر پور بناتا ہے اور اس طرح آپ کو زیادہ کھانے سے روکتا ہے۔ اس میں کیلوریز کی مقدار کم ہوتی ہیں، ناریل کا پانی آپ کے نظامِ ہاضمہ کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد کرتا ہے، ناریل کے پانی کا باقاعدہ استعمال آپ کے جسم میں الیکٹرولائٹ کے توازن کو برقرار رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے اور اس طرح آپ کے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔

سونے سے پہلے

ناریل پانی ذہنی دباؤ سے لڑنے اور ہمارے دماغ کو پُرسکون کرنے کے لیے بہترین مشروب قرار دی جاتی ہے، مزید یہ کہ سونے کے وقت ناریل کا پانی پینا آپ کے تمام زہریلے مادوں کو نکالنے اور آپ کے پیشاب کی نالی کو صاف کرنے میں معاون ہوسکتا ہے، اس طرح انفیکشن اور گردے کی بیماریوں سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

نوٹ: یہ معلومات ایک بین الاقوامی میگزین میں شائع ہونے والی تحقیقات سے حاصل کی گئیں ہے۔