کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر سرکاری ادارے کو جرمانہ

587

ریاض: سعودی عرب میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی پر ایک سرکاری ادارے کو جرمانہ کیا گیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ادارے کے خلاف کارروائی ایک شہری کے دعوے پر کی گئی ہے، جس نے کہا تھا کہ سرکاری ادارے نے اس کی ڈیجیٹل تخلیق کا غیر قانونی طور پر استعمال کیا ہے، جس پر سعودی اتھارٹی برائے کاپی رائٹ نے قانون کی خلاف ورزی پر ایک سعودی سرکاری ادارے کو جرمانہ کر دیا ہے۔ سعودی اتھارٹی نے سرکاری ادارے کو حکم دیا ہے کہ وہ متاثرہ فریق کو 25 ہزار ریال معاوضہ ادا کرے گا۔

اتھارٹی کے مطابق سرکاری ادارے نے ڈیجیٹل تخلیق استعمال کرنے سے قبل اس کے مالک سے اجازت نہیں لی تھی، اتھارٹی کی جانب سے ماہرین کی ٹیم نے دعوے کی صداقت کا جائزہ بھی لیا۔ ادارے کو شہری کو معاوضہ دینے کے علاوہ قانون کی خلاف ورزی پر سرکاری خزانے میں 5 ہزار ریال جمع کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا کہ سعودی عرب میں کاپی رائٹ کے قانون کے مطابق ہر شخص کو کاپی رائٹ کے حقوق کی پابندی کرنی ہے، کسی بھی قسم کے حقوق دانش کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔