میاں صاحب کمرہ عدالت کو کانفرنس ہال نہ بنائیں، احتساب عدالت

305

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن)کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف و ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ و آمدن سے زاید اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 20جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر
نیب گواہان سمیت تفتیشی افسر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے محمدشہباز شریف کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پر گفتگو کرنے سے روکتے ہوئے ریمارکس دیے کہ میاں صاحب کمرہ عدالت کو پریس کانفرنس ہال نہ بنائیں۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ہفتے کے روز عدالتی سماعت پرمحمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سیکورٹی حصار میں سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت نیب استغاثہ کے گواہ لینڈ ریونیو آڈٹ آفیسر محمد شریف اور محمد شفیق پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب نے محمدشہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، سلیمان شہباز، بیٹی رابعہ عمران ،داماد ہارون یوسف کے اثاثے بھی قرق کر لیے ہیں۔ عدالت نے عدم پیشی پر رابعہ عمران ،سلیمان شہباز ،یوسف ہارون اور دیگر کو اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد کے معاملے پر عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کر لی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع جوڈیشل کمپلیکس میںسیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔