۔90 دن میں حالات ٹھیک کرنے کے دعویدارون نے زندگی اجیرن بنادی، جماعت اسلامی سندھ

337

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ نے تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں کی جانب سے چینی، گھی اور بجلی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر بجلی گرانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت قیمتوں پر کنٹرول، مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے سنجیدہ اقدامات کر کے انتخابات میں قوم سے کیے گئے وعدے پورے
کرے۔امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، نائب امرا پروفیسر نظام الدین میمن، ممتازحسین سہتو، عبدالغفار عمر، حافظ نصراللہ عزیز اور انجینئر اظہار الحق نے مشترکہ بیان میں کہاکہ90 دن میں حالات ٹھیک کرنے کے دعویدار حکمرانوں نے اپنی نااہلی چھپانے کے لیے ٹیکسوں کی بھرمار اور مہنگائی کے طوفان کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے،معاشی صورتحال ابتر ادارے تباہ،مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔ ایک ماہ میں 2 مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی جبکہ ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارہ کو روکنے کا واقعہ جگ ہنسائی کی بدترین مثال ہے۔ موجودہ حکومت بھی سابق کرپٹ ونااہل حکومتوں کا تسلسل ہے جس نے اپنی نا اہلی و غلط پالیسیوں سے نہ صرف ملک کا عزت و وقار مجروح بلکہ عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ کیا ہے۔ چینی و آٹا اسکینڈل میں ملوث لوگوں کو عبرت کا نشان بنانے کے بجائے حکومتی چھتری میں تحفظ دیا جا رہا ہے۔ حکومتی نا اہلی و بے حسی پر عوام سراپا احتجاج ہیں اب تو خود حکومتی صفوں سے بھی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ حکومت کے950دن نا اہلی و ناکامی سے پر ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہاکہ تبدیلی کے سارے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔ ملک میں حقیقی تبدیلی اور ملک و قوم کے مسائل صرف اسلام کا عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت ہی حل کر سکتی ہے۔