براڈ شیٹ طمانچہ ہے ، حکومت کا جلدخاتمہ ہوگا ، مریم نواز

405
اتحادیوں کی منت سماجت کرنے سے حکومت کی نا اہلی ثابت ہوتی ہے، مریم نواز

لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت بے نقاب ہو چکی ،براڈ شیٹ کا معاملہ حکومت کے منہ پرطمانچہ ہے،ان کا جھوٹ انہی کے سامنے آگیا، عمران خان کے کچھ حواریوں کے استعفے آئے ہیں، اس سال ان شا اللہ عمران خان اکیلے رہ جائیں گے، وہ اناڑی کھلاڑی ہیں، ان کے وزیروں،مشیروں کو سمجھ آنا شروع ہو گیا ہے،عمران خان کو شہباز شریف سے خطرہ ہے کیونکہ وہ انہیں اپنا متبادل سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن)کے صدراور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمدحمزہ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ 19جنوری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے تمام اپوزیشن جماعتیں بھر پور احتجاج کریں گی،31جنوری کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ دھرنے کا حتمی فیصلہ کرے گی ، ضمنی انتخابات کے حوالے سے سرگرم رہنمائوں اور کارکنوں کو ہدایت کر دی ہے ، ان شا اللہ ضمنی الیکشن (ن)لیگ جیتے گی۔ قبل ازیںمریم نواز نے ہفتے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے احتساب عدالت میں ملاقات کی ۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کیس میں پیشی پر احتساب عدالت موجود تھے۔ مریم نواز جیسے ہی کمرہ عدالت میں پہنچی تو شہباز شریف جو شدید علالت کے باعث کمرہ عدالت میں کرسی پر بیٹھے ہوئے تھے یک دم کھڑے ہوگئے اور انہوں نے اپنی بھتیجی مریم نواز کا استقبال کیا ، اسی دوران شہباز شریف نے مریم نواز کے سر پر ہاتھ رکھ کر انہیں پیار دیا۔ مریم نواز نے شہباز شریف سے ان کی صحت کے بارے میںخیریت دریافت کی جبکہ مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف کی صحت کے بارے میں بھی شہباز شریف کو آگاہ کیا۔ طویل ملاقات میں مریم نواز نے شہباز شریف سے پی ڈی ایم کی تحریک کے حوالے سے مشاورت کرتے ہوئے نواز شریف کا اہم پیغام بھی پہنچایا۔دوران ملاقات شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان کانوں میں سرگوشیاں بھی جاری رہیں۔علاوہ ازیں مریم نواز نے اپنی والدہ ، دادا ، دادی اور چچا کی قبر پر حاضری دی او ر فاتحہ خوانی کی ۔ مریم نواز نے اپنی ماں کی قبر کوبوسہ دیا اورآبدیدہ ہوگئیں ۔ مریم نواز کاکہنا تھا کہ والدہ کی وفات کو 2 برس گزر گئے لیکن زخم آج بھی تازہ ہے۔انہوںنے کہاکہ جب بھی اپنی ماں کی قبر پر آتی ہوں تو آنسونہیںروک پاتی۔