شمالی وزیرستان مین فائرنگ فوجی جوان ، ڈاکٹر شہید

400

 

 

میر علی(خبر ایجنسیاں) شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بنوں میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر ولی اللہ داوڑ جاں بحق ہوگئے۔پروفیسر کو میرعلی بائی پاس روڈ پر قتل کیا گیا۔ قتل کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ڈاکٹر ولی اللہ داوڑ بنوں میڈیکل کالج میں پتھالوجی کے پروفیسر تھے۔پولیس کے مطابق ڈاکٹر ولی اللہ داوڑ کا تعلق میرعلی کے ہرمز گاؤں سے ہے۔ وہ اپنی گاڑی میں رات 10 بجے کے قریب بنوں سے میرعلی میں اپنے گاؤں ہرمز جارہے تھے کہ اس دوران انہیں نشانہ بنایا گیا۔ڈاکٹر ہر ہفتے اور اتوار کو میرعلی میں مریضوں کے چیک اپ
کے لیے آتے تھے۔ ان کی لاش کو میرعلی ٹی ایچ کیو اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کردیا گیا۔علاوہ ازیںصوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے عزیزخیل میں نامعلوم حملہ آوروں کی سیکورٹی فورسز پر فائرنگ سے ایک جوان شہید ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ میرعلی سب ڈویژن کے علاقے عزیز خیل میں چیک پوسٹ کے قریب سیکورٹی اہلکار چشمے سے پانی لے رہے تھے کہ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔انہوں نے بتایا کہ اس حملے کے نتیجے میں لانس نائیک عباد علی نے جام شہادت نوش کیا۔بعد ازاں شہید سپاہی کے جسد خاکی کو میرعلی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے میں سرچ ااپریشن شروع کردیا گیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔