سعودی عرب ،کر ریس مقابلوں میں اسرائیلی وفد شریک

538
جدہ: ڈاکار ریلی میں شرکت کے لیے سعودی عرب آنے والا اسرائیلی وفد فتح کا نشان بنا رہا ہے

جدہ/ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں منعقدہونے والے کارریس مقابلوں ’’ڈاکار ریلی 2021ء ‘‘ میں اسرائیلی وفد نے شرکت کی۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق اسرائیلی وزیر اعظم ایرل شیرون کے مشیر رہنے والے جائی معیان نے ٹوئٹر پر وڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پہلی بار کھیلوں کا اسرائیلی وفد سعودی عرب میں موجود ہے، جو ڈاکار ریلی میں شرکت کررہا ہے۔ یہ تاریخی دن ہے۔ کھیل چچا زاد بھائیوں کے درمیان قیام امن کی راہ ہموار کررہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب آنے والے اسرائیلی وفد میں 5افراد شریک ہیں، جو اسرائیلی پاسپورٹ پر سعودی عرب میں داخل ہوئے ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اقتدار کے آخری دنوں میں اسرائیل کے تحفظ کے لیے ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے، جس نے مشرقِ وسطیٰ اور جنوب مغربی ایشیا میں امریکی فوجی کارروائیوں کی نگرانی کرنے والے صدر دفاتر کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ نے امریکی سینٹرل کمانڈ کو اسرائیل کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے، جو مشرقِ وسطیٰ اور جنوب مغربی ایشیا میں فوجی کارروائیوں کی قیادت کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ اعلان اسرائیل کے بحرین، متحدہ عرب امارات، سوڈان اور مراکش کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے اعلان کے ضمن میں ہوا ہے۔ اس اعلان کے بعد اسرائیل امریکی سینٹرل کمانڈ کی نگرانی میں شامل اکیسواں ملک بن جائے گا اور ایران کے خلاف مناسب اتحاد میں خطے کے ممالک کے ساتھ تیزی سے تعاون کرے گا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سابق چیف آف اسٹاف مائک جونز نے کہا ہے کہ متنازع تبدیلی کی اچھی وجوہات ہیں۔ اسرائیل کوسینٹرل کمانڈ میں منتقل کرنا عقل مندی ہے۔