سال 2020: کاروں کی فروخت میں 18فیصد اضافہ ہوا

985

اسلام آباد: کاروں کی فروخت میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران  18فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان آٹو موٹیو مینو فیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر2020کے دوران کاروں کی فروخت 78ہزار910یونٹس تک بڑھ گئی جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر2019کے دوران فروخت کا حجم 67ہزار 19یونٹس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق  گذشتہ مالی سال 2019 کے مقابلہ میں رواں مالی 2020 سال کے ابتدائی چھ مہینوں کے دوران کاروں کی فروخت میں 11ہزار891یونٹس یعنی 18فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ٹاپ لائن سکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں کاروں کی فروخت میں مزید اضافہ متوقع ہے جسکی بنیادی وجہ معاشی سرگرمیوں کی بتدریج بحالی اور شرح سود میں کمی ہے۔

پاما کے اعدادو شمار کے مطابق دسمبر2019کے مقابلہ میں دسمبر2020کے دوران کاروں کی فروخت 12.6فیصد اضافہ سے 9987یونٹس کے مقابلہ میں 11ہزار 247یونٹس تک بڑھ گئی ہے ۔

پاما رپورٹ کے مطابق دسمبر2020میں 1300سی سی اور اس سے زیادہ طاقت کی گاڑیوں کی فروخت میں 49فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور دسمبر2019میں 3246یونٹس فروخت کئے گئے تھے جبکہ دسمبر2020کے دوران 1300سی سی اور اس سے بڑی گاڑیوں کی فروخت 4838یونٹس تک بڑھ گئی ہے۔

واضح رہے گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ کا بنیادی سبب ٹیوٹا یارس گاڑیوں کی فروخت میں ہونے والا نمایاں اضافہ ہے۔