حیدرآباد :اسکاؤٹ گراؤنڈ کی طویل گرل چور لے اڑے

204

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد کے مشہور اسکاؤٹ گراؤنڈ کی طویل چار دیواری کی لوہے کی مضبوط 90 گرل چوری کرلی گئیں، انتظامیہ سوتی رہی، ایک گرل کی مالیت کم از کم پچیس ہزار روپے بتائی جاتی ہے۔ مدرسہ مظاہر العلوم، دارالعلوم یونٹ نمبر 9 لطیف آباد حیدر آباد کے عقب میں واقعہ مشہور اسکاؤٹ گراؤنڈ کی طویل چار دیواری کی لوہے کی مضبوط گرل نقب زنوں کا گروہ لے اڑا اور یوں مختلف اوقات میں یہ گروہ اب تک تقریباً 90 گرل چرا چکا ہے۔ اسکاؤٹ گراؤنڈ کی چرائی جانے والی ایک گرل کی قیمت کم از کم 25 ہزار بتائی جاتی ہے جبکہ مین گیٹ کا لوہے کا ایک حصہ بھی کاٹ کر چرایا جاچکا ہے، جس سے علاقہ مکین شدید تشویش اور خوف میں مبتلا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چوری کی وارداتوں کا سلسلہ بڑھ گیا ہے اور چور اسکاؤٹ گراؤنڈ میں لوگوں کے بیٹھنے والی بنچیں بھی چرا کر لے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اسکاؤٹ گراؤنڈ میں عیدین کی نماز کے بڑے اجتماعات اس کی شناخت ہیں۔ اسکاؤٹ گراؤنڈ کے مین گیٹ پر محکمہ پبلک ہیلتھ کے بنائی گئی پبلک فلٹر واٹر پلانٹ کی تین ٹونٹیاں بھی چوری کی جاچکی ہیں۔ علاقہ مکینوں نے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ عرصہ دراز سے مختلف پارکوں، گرین بیلٹ پر لگائی جانے والی گرل چرائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔