جیکب آباد ، لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہریوں کا گیس دفتر کے سامنے دھرنا

290

 

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں سوئی گیس حکام کی بے حسی اور لوڈشیڈنگ کیخلاف شہر کے مختلف علاقوں کی خواتین سڑکوں پر نکل آئیں، سوئی گیس آفس کے سامنے دھرنا، گیس دو کے نعرے۔ جیکب آباد کے مختلف علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور عدم فراہمی کیخلاف شہر کے مختلف علاقوں کی خواتین سڑکوں پر نکل آئیں۔ المرتضیٰ کالونی کی رشیداں، سسی، محمد صیفل گوپانگ اور دیگر علاقوں کی خواتین نے معصوم بچوں کے ہمراہ سوئی گیس آفس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے گیس دو گیس دو کے نعرے لگائے، خواتین کا کہنا تھا کہ شہر کے متعدد علاقوں میں سوئی گیس کی بلا جواز غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، کھانے کی تیاری کے وقت گیس نہیں ہوتی، جس سے سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بے حس گیس حکام شکایات کے ازالے کو تیار نہیں۔ نائب محلہ، غریب آباد، اے ڈی سی کالونی، پھول باغ اور دیگر علاقوں میں تین سال سے گیس کی پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل نہیں ہوا۔ اس جدید دور میں بھی مذکورہ علاقے کے مکین گیس حکام کی چشم پوشی کی وجہ سے گیس کی سہولت سے محروم ہیں۔ ایم ڈی سوئی سدرن گیس اس کا نوٹس لیں اور ذمے داران کیخلاف کارروائی کی جائے۔