سونے کے تاجر مسائل کا انبار لیکر ایڈمنسٹریٹر کیء پاس پہنچ گئے

228

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)سونے کے تاجر مسائل کا انبار لیکر ایڈمنسٹریٹر کے پاس پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے ایڈ منسٹر یٹر صفدر علی بگھیو سے انکے آفس میںصرافہ اینڈ جوئیلرز گروپ کے ایک و فد نے ملاقات کی۔ وفد میں چیئرمین محمد ارشد خان،صدر شکیل شیخ،جنرل سیکرٹری سید اشفاق علی، بلدیاتی امور کمیٹی کے چیئرمین تمیز الدین دیگر عہدیداران بھی شامل تھے۔ملاقات میں و فد نے صرافہ بازار، ریشم بازار،سنار گلی،لیاقت کالونی، لطیف آباد نمبر 8اور 11 اور کینٹ صدر کے بازاروں میں صفائی ستھرائی، انکروچمنٹ، پارکنگ ، لائٹنگ اور دیگر مسائل کے حوالے سے ایڈ منسٹر یٹر حیدرآباد سے بات چیت کی۔ اس موقع پر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے ایڈ منسٹر یٹر صفدر علی بگھیو نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاہے کہ بازاروں میں صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلیے پہلے سے ہی بلدیہ اعلیٰ کے متعلقہ شعبوں کو تاکید کی ہوئی ہے تاہم آپکے بازاروں صفائی ستھرائی اور روشنی کے مسئلے کو جلد حل کردیاجائے گا جبکہ شہر بھر میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خاتمہ پر بھی بلدیہ اعلیٰ کی توجہ ہے اور ہم حیدرآباد شہر کو اک صاف ستھرا شہر بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ اعلیٰ کے وسائل محدود اور شہر حیدرآباد کے مسائل لامحدود ہیں پھر بھی ہماری کوشش ہے کہ حیدرآباد شہر کے نہ صرف بازاروں بلکہ دیگر علاقوں میں عوام کو ایک بہتر ماحول فراہم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آپ کی جانب سے پیش کردہ بازاروں میں انکروچمنٹ اور صرافہ و ریشم بازارکیلیے پارکنگ ایریا مختص کرنے کے مسائل کے سلسلے میں جلد آپ کے ساتھ ایک دورہ کریں گے اور ان مسائل کو بھی حل کرنے کی حتی المقدور کوشش کی جائے گی ۔اس موقع پرملاقات میں بلدیہ اعلیٰ کے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزغلام مصطفی خان،ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ شکیل راجپوت،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزسراج شاہ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اینٹی انکروچمنٹ شکیل قریشی،ناصر لودھی بھی شریک تھے ۔