شکارپور ،جونیجو دل برادری میں تصادم فائرنگ ،5 افراد ہلاک

483

شکارپور(نمائندہ جسارت)نیو امروٹ تھانہ کی حدود میں جونیجو اور دل برادری میں موبائل فون کے روپے نہ دینے پر تصادم ، فائرنگ 5 افراد جاں بحق ، خاتون سمیت 2 افراد زخمی۔تفصیلات کے مطابق شکارپور کے نواحی گاؤں نیو امروٹ تھانے کی حدود میں جونیجو اور دَل برادری کے درمیان موبائل فون کے پیسے نہ دینے کے معاملے پر تصادم ہوا اور فائرنگ کی گئی ،فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے جن کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال مدیجی منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ثنا اللہ دل، عبداللہ دل، رسول بخش جونیجو،صدر جونیجو،غلام اصغر جونیجو کے نام سے ہوئی اور دو زخمیوں میں خاتون سمیت عبدالفتاح جونیجو شامل ہے۔ پولیس کی جانب سے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دو ڈی ایس پیز کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔ آخری اطلاعات تک نہ کوئی مقدمہ درج ہوا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی۔ ایس ایس پی کامران نواز پنجھوتا کی چھٹیوں پر ہونے کے باعث ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب جائے وقوع پر پہنچ کر واقعہ کی تفصیلات حاصل کی اور ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش کو معاملات کو دیکھنے کی ہدایت جاری کی۔ رابطہ کرنے پر انچارج تھانہ نیو امروٹ عبدالغفور مغیری نے بتایا کہ تصادم کو روکنے کیلیے بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کے بعد مقدمہ درج کیا جائیگا اور ملوث ملزمان کو بلاتاخیر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ دونوں فریقوں میں تصادم موبائل فون کے پیسے نہ دینے پر ہوا ہے۔