اسرائیل فلسطینیوں کو مساوی بنیاد پر ویکسین فراہم کرے‘ اقوام متحدہ

197

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے اسرائیل کی طرف سے کورونا ویکسین کے معاملے میں فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتنے کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مندوب برائے فلسطین مائیکل لنک نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کو فوری اور مساوی بنیاد پر کورونا ویکسین فراہم کرے کیوں کہ فلسطینیوں کو ویکسین کی فراہمی قانونی اور اصولی طور پر اسرائیل کی ذمے داری ہے۔ مائیکل لنک کا کہنا تھا کہ غرب اردن اور غزہ کی پٹی کے فلسطینیوں تک کورونا ویکسین کی رسائی مشکل ہے۔ یہ اسرائیل کی ذمے داری ہے کہ وہ فلسطینیوں کو بھی کورونا ویکسین فراہم کرے۔ عالمی ادارے کے عہدیدار نے کہا کہ فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے کرونا ویکسین کی درخواست پر عمل اور ویکسین کی فراہمی میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان کورونا ویکسین کی فراہمی میں امتیاز برتنا غیراخلاقی اور غیرقانونی ہے۔