امریکا بھر میں حملوں کا خطرہ‘ واشنگٹن چھاؤنی میں تبدیل

329
واشنگٹن: امریکی کانگریس کی عمارت کے اندر اور باہر بڑی تعداد میں سیکورٹی اہل کارتعینات ہیں‘ نومنتخب صدر جوبائیڈن امدادی پیکیج کا اعلان کررہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری کے موقع پر واشنگٹن سمیت امریکا بھر میں حملوں اور ہنگامہ آرائی کا خطرہ ہے۔ وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے خبر دار کیا ہے کہ 16 سے 20 جنوری تک سرکاری دفاتر اور عمارتوں پر حملے ہو سکتے ہیں اور بائیڈن کے خلاف احتجاجاً امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں سرکاری دفاتر اور عمارتوں پر بھی دھاوے بولے جانے کا خدشہ ہے۔ محکمے کی جانب سے انتباہ کے بعد کئی ریاستوں میں نیشنل گارڈز طلب کرلیے گئے ہیں اور امن و امان پر قابو پانے کے لیے 20 ہزار اہل کار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس دوران سیا سی رہنماؤں کی بھی سخت سیکورٹی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق دارالحکومت واشنگٹن میں لاک ڈاون جیسی صورتحال ہے جس کی وجہ سے کئی سڑکوں پر رکاوٹوں کی تعداد بڑھا دی گئی جب کہ واشنگٹن کے مرکزی علاقوں میں ہوٹل بند بھی بند کروادیے گئے ہیں۔ کیپٹل ہل کے اطراف کاروبار، میٹرو اسٹیشن، پارک اور دیگر اہم مقامات 15سے 21 جنوری تک بند کر دیے گئے ہیں جب کہ کیپٹل ہل کی عمارت کے اندر اور باہر بھی فوج تعینات ہے، عمارت کو اونچی باڑ لگاکر امریکی سپریم کورٹ اور لائبریری آف کانگریس سے الگ کردیا گیاہے۔