بجٹ میں ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا اولین ترجیح ہے،ڈاکٹر محمد اشفاق

425

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز فیڈرل بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے کہا ہے کہ اگلے بجٹ میں ایف بی آر کی اولین ترجیح ہے کہ کس طرح کاروباری لاگت کو کم سے کم کیا جائے، بے انتہا ٹیکسوں کو کم کیا جائے اورکاروبار کو کچھ اس طرح سے آزاد کردیا جائے کہ ٹیکس حکام کے ساتھ ان کا رابطہ کم سے کم ہو اور وہ اپنے کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کو توسیع دینے پر توجہ مرکوز کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کاروبار کا ایک تہائی حصہ دار ہے کیونکہ جو بھی کمایا گیا ہو اس میں ایف بی آر 30 سے 35 فیصد تک حصہ دار ہے جو چاہے سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس یا ود ہولڈنگ ٹیکس وغیرہ کی صورت میں جمع کیا جارہا ہے لہٰذا کاروبار کو کامیاب بنانا اور لاگت میں کمی کرنا ایف بی آر کے مفاد میں ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرچیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی انجم نثار، صدر کے سی سی آئی ایم شارق وہرا، سینئر نائب صدر ایم ثاقب گڈلک، نائب صدر شمس الاسلام خان اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے ا راکین کے علاوہ ایف بی آر کے چیف کمشنر بھی موجود تھے۔