این ای ڈی نے اورنگی نالے کی سروے رپورٹ جمع کرادی

264

کراچی (اسٹاف رپورٹر)این ای ڈی یونیورسٹی نے سندھ حکومت کو سروے رپورٹ جمع کرادی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اورنگی نالے کے اطراف 30 فٹ کے اندر 2600 سے زاید مکانات اور دیگر عمارتیں تعمیر ہوچکی ہیں۔یہ سروے رپورٹ این ای ڈی یونیورسٹی کی ٹیم نے اورنگی نالہ کے ہائیڈروولوجک اور ہائیڈرولک معائنہ کے بعد پیش کی ہے ۔گزشتہ برس اگست میں کراچی میں تباہ کن بارشوں کے بعد جب شہر مفلوج ہوگیا تو وزیراعلیٰ نے این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین کو نالوں کے بارے میں تحقیق کی ذمے داری سونپی تھی ۔اورنگی نالہ کراچی کے تین بڑے نالوں میں سے ایک ہے جس کی لمبائی 11 کلومیڑ ہے اور انتہائی گنجان علاقوں سے گزرتا ہے۔اگر حکومت اورنگی نالہ کے دونوں طرف 30 فٹ حصہ صاف کرنا چاہتی ہے تو 2656 مکانات اور عمارتیں اس کی زد میں آئیں گے۔ ان میں سے 1703 عمارتوں کا آدھا حصہ توڑنا پڑے گا جبکہ دیگر کے بعض حصے مسمار ہوں گے۔این ای ڈی کی ٹیم پہلے ہی محمود آباد، منظور کالونی نالے کا سروے کر چکی ہے اور اس پرانہدامی کارروائی کاآغازبھی ہوچکاہے جبکہ اگلی باری اورنگی اور گجر نالے کی ہے۔