وزیر اعظم نے پیٹرول مزید مہنگا کرنے کی منظوری دیدی

299
لاہور،وزیر اعظم عمران خان پنجاب پولیس میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت ) وزیراعظم عمران خا ن نے پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگا کرنے کی منظوری دیے دی ہے۔ جس کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 42 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 109 روپے 20 پیسے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 113 روپے 19 پیسے اورلائٹ ڈیزل کی قیمت 76 روپے 23 پیسے فی لیٹر ہو گئی جب کہ مٹی کا تیل فی لیٹر76 روپے 65 پیسے ہوگیا۔قیمتوں میں اضافے کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری سے پسے عوام پر حکومت نے ایک ماہ کے دوران یہ دوسرا پیٹرول بم گرایا ہے ۔علاوہ ازیں وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار اعدادو شمار جاری کر دیے جس کے مطابق ملک میں ایک ہفتےکے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اضافہ ہوا ہے اس دوران چینی کی اوسط قیمت 3روپے بڑھ گئی۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں چینی 100 روپے فی کلو تک مل رہی ہے جبکہ ملک بھرمیں چینی کی فی کلو قیمت اوسطا قیمت 92روپے 92پیسے تک جاپہنچی ہے۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران گھی کی فی کلو اوسط قیمت میں 7روپے 84پیسے اضافہ ہوا جبکہ لاہور اور فیصل آباد میں گھی 290روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔2روپے 14پیسے اضافے کے ساتھ دال مونگ کی فی کلو قیمت 229 روپے84پیسے ہوگئی۔ایک ہفتے کے دوران آٹے کے20 کلو تھیلے کی قیمت948 روپے 34 پیسے سے بڑھ کر949 روپے26 پیسے ہوگئی۔آگ جلانے والی لکڑی کی فی من قیمت میں 5روپے 16پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ محموعی طور ایک ہفتے کے دوران کیلے، گڑ اور دال چنا سمیت 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔