ملائیشیا میں پی آئی اے کا ایک اور طیارہ عدالتی حکم پر تحویل میں لے لیا گیا

504

 

کوالالمپور/اسلام آباد/ ڈیرہ اسماعیل خان/ لاہور/ پشاور (صباح نیوز) ملائیشیا میںلیز کے واجبات ادا نہ کرنے پرپی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور ائر پورٹ پر تحویل میں لے لیا گیا۔ترجمان پی آئی اے نے بھی کوالا لمپور میں طیارے کو قبضے میں لیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کے احسن حل تک مسافروں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے گی۔ جمعہ کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے کوالالمپور پہنچی تھی، کوالا لمپور میں مقامی حکام نے پی آئی اے کا طیارہ عدالتی احکامات پر تحویل میں لیا۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے
طیارے کو قبضے میں لینے کی کارروائی مسافروں کے سوار ہونے کے بعد کی گئی اور طیارے کو قبضے میں لینے کے بعد مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا۔ طیارے کو قبضے میں لیے جانے کے بعد پی آئی اے کا 18 رکنی عملہ بھی کوالالمپور میں پھنس گیا ہے، 18 رکنی عملے کو اب 14 دن قرنطینہ میں گزارنے ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملائیشیا میں عدالتی حکم پر طیارے کو قبضہ میں لیا جانا ایک ناخوشگوار صورتحال ہے، پی آئی اے حکومتی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں برطانوی عدالت میں پی آئی اے اور ایک پارٹی کا کیس زیر التوا ہے۔پی آئی اے اور برطانیہ کی عدالت میں زیر التوا دوسرے فریق کے مابین قانونی تنازع سے متعلق یک طرفہ فیصلہ ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہ ایک ناقابل قبول صورتحال ہے اور پی آئی اے نے سفارتی چینلز کے ذریعے اس معاملے کو اٹھانے کے لیے حکومت پاکستان کی حمایت حاصل کی ہے۔خیال رہے کہ پی آئی اے نے 2015 میں بوئنگ 777 طیارہ ویتنام کی کمپنی سے لیز پر حاصل کیا تھا۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ کوالالمپور ہوائی اڈے پر پھنسے پاکستانی مسافروں کی جلد وطن واپسی اور معاملے کو جلد حل کرنے کے لیے ملائیشیا میں ہمارا ہائی کمیشن متعلقہ ملائیشین حکام اور پی آئی اے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے ٹویٹر پر اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ پی آئی اے کا 777 طیارہ جو ملائیشیا میں روکا گیا یہ طیارہ 12 سال پہلے لیز پر لیا گیا تھا۔کورونا کی وجہ سے یہ طیارہ پچھلے مہینوں میں زیر استعمال نہیں ہو رہا تھا،وبا کی وجہ سے کمپنی سے ریٹ پر بات چیت چل رہی تھی جس کا کیس برطانیہ کی عدالت میں زیرسماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا سے سارے معاملے کا کچھ لینا دینا نہیں تھا۔نہ ہی لیز کرنے والی کمپنی ملائیشیا کی تھی ۔ واقعے پر ردعمل میںپاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات و سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کوالالمپور میں پی آئی اے کا جہاز نہیں پاکستان کا وقار ضبط ہوا ہے ، کٹھ پتلی راج نے جگہ جگہ پاکستان کو رسوا کیا ہے ۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ شرمناک واقعے نے قوم اور ملک کا سر دنیا بھر میں شرم سے جھکا دیا ہے۔ سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی، جاہلیت اور غیرسنجیدگی نے پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کردیا ہے۔ آج بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو شرمندہ کردیا گیا لیکن حکمرانوں کو کوئی شرم نہیں آرہی۔ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور موجودہ نالائق ، نااہل اور چور ٹولے پر پاکستان کی ہتک عزت کا دعویٰ ہونا چاہیے۔