میکرون نے طیب اردوان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کردیا

412

فرانسیسی صدر میکرون نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کردیا۔ دونوں ممالک کے حکمرانوں نے ایک دوسرے کو خط بھی لکھ دیے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ صدر رجب طیب اردوان نے صدر میکرون کو خط لکھا۔

وزیر خارجہ کے مطابق خط میں فرانسیسی ہم منصب کو نئے سال کی مبارک باد اور فرانس میں اسلام مخالف سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

دوسری جانب فرانسیسی حکومت نے بھی صدر میکرون کی جانب سے صدر اردوان کو خط لکھنے کی تصدیق کردی۔ فرانسیسی صدر نے ترک صدر کے خط کا مثبت جواب دے دیا۔

فرانسیسی صدر نے لکھا کہ یورپ میں ترکی کی اہمیت ہے۔ فرانس ترکی سے مثبت تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔

خط میں فرانسیسی صدر نے ملاقات کے لیے خواہش کا بھی اظہار کیا۔

فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان اور گستاخانہ خاکوں اشاعت کے خلاف ترکی نے فرانس سے تعلقات معطل کردیے تھے۔