بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ5 لاکھ سے تجاوز کرگئی

349

نئی دہلی : بھارت میں مہلک کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ5 لاکھ28ہزار 508 تک پہنچ گئی جبکہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 51 ہزار9 سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10528508ہے جبکہ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 213816 ہے۔

 بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک151954افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ 10162738افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

واضح رہے بھارت میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے جبکہ ریاست مہاراشٹر کے علاوہ جو دیگر ریاستیں کورونا وائرس کی وبا سے شدید متاثر ہوئی ہیں ان میں تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اتر پردیش شامل ہیں۔

دوسری جانب بھارت میں مودی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف دارالحکومت نئی دہلی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں کسانوں کا احتجاج مسلسل 51 ویں روز بھی جاری رہا جبکہ حکومت کے تین نئے زرعی قوانین کے نفاذ کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ نے منگل کو حکمِ امتناع جاری کیا تھا لیکن اس کے باوجود کسانوں کا اپنے مطالبات کو تسلیم کرانے کیلئے احتجاج جاری رکھا ہے اور  زرعی قوانین کی مخالفت کرنے والی کسان تنظیموں نے گزشتہ روز ملک بھر میں ان قوانین کی کاپیاں جلائیں اور ان کی منسوخی کا مطالبہ کیا ہے۔