جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کل پاکستان پر پہنچے گی

809

کراچی: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم چودہ سال بعد کل صبح چھ بجے دورہ پاکستان پر پہنچے گی۔

تفصیلات کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک کی زیرقیادت جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد کل صبح چھ بجے دورہ پاکستان پرپہنچ رہی ہے۔ مہمان ٹیم کی آمد کے پروگرام میں کچھ ردوبدل کیا گیا تھا، تاہم وہ براستہ دبئی کے بجائے براہ راست جوہانسبرگ سے چارٹرڈ فلائٹ پر کراچی پہنچے گی۔

چارٹر فلائٹ کے اخراجات کرکٹ جنوبی افریقہ اٹھائے گا، جس کے حصول میں پی سی بی نے ان کی مدد کی ہے، پاکستان آمد پر ہوٹل میں ان کا پہلا کورونا ٹیسٹ ہوگا، جبکہ ٹیم پانچ دن آئسولیشن میں رہے گی، چوتھے دن ان کا دوسرا کووڈ ٹیسٹ ہوگا۔ جس میں کلیئرہونے کے بعد انہیں نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کی اجازت مل جائے گی۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ چھبیس جنوری سے کراچی میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ چار فروری سے راولپنڈی میں شیڈول ہے، تین ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔