پاکستان انٹر ا افغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا، آرمی چیف

338

پشاور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹر ا افغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا،افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  نے بتایا کہ آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹر ز پشاور کا دورہ  کیا، اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا،ہیڈ کوارٹرز کے دورے پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کو سرحدی انتظامات  اور باڑ لگانے کے عمل پر بھی  مکمل بریفنگ دی گئی ، ایف سی اور پولیس کی صلاحیتوں کو بڑھانے سے متعلق  کیے گئے انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے قبائلی علاقوں میں استحکام کے لیے ایف سی اور پولیس کے کردار کو سراہاتے ہوئے علاقے میں قیام امن کے لیے قبائل عوام کی بھی تعریف کی، آرمی چیف نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قبائلی عوام کی قربانیوں کو بھی سراہا۔